مرکزی مواد پر جائیں (Skip to main content)
ماہنامہ حیاتِ نوانجمن طلبہ قدیم جامعۃالفلاح کا ترجمان

روزِ قیامت ناکامی کے اسباب

سورۂ مدثر کی روشنی میں اہلِ جہنم کا اعتراف اور قرآنی دعوت کی بنیادی اقدار

م
مولانا جلیل احسن ندویؒ
مایہ ناز مفسر، محدث اور ادیب / جامعۃ الفلاح
حجمِ خط:100%
رسم الخط:
خلاصۂ مقالہ:سورۂ مدثر کی آیات (۴۲ تا ۴۷) کی روشنی میں مولانا جلیل احسن ندویؒ کا فکر انگیز تفسیری و دعوتی مطالعہ، جس میں روزِ قیامت اہلِ دوزخ کی ناکامی کے بنیادی اسباب: ترکِ نماز، عدمِ مواساۃ و بخل، خدائی تعلیمات پر لایعنی اعتراضات اور یومِ جزا کے انکار کا عمیق جائزہ لیا گیا ہے۔

مَا سَلَكَكُمْ فِي سَقَرَ قَالُوا لَمْ نَكُ مِنَ الْمُصَلِّينَ وَلَمْ نَكُ نُطْعِمُ الْمِسْكِينَ وَكُنَّا نَخُوضُ مَعَ الْخَائِضِينَ وَكُنَّا نُكَذِّبُ بِيَوْمِ الدِّينِ حَتَّىٰ أَتَانَا الْيَقِينُ
(مدثر، آیات ۴۲ تا ۴۷)

کس چیز نے تم کو یہاں جہنم میں پہنچایا؟ وہ جواب دیں گے: ہم دنیا میں نماز نہیں پڑھتے تھے، ہم مسکینوں کو کھانا نہیں کھلاتے تھے، ہم خدا کی بھیجی ہوئی تعلیمات پر اعتراض اور شکوک و شبہات وارد کرتے تھے اور ہم حساب و جزا کے دن کو جھٹلاتے تھے، یہاں تک کہ مرنے کے بعد اور یہاں عالمِ آخرت میں پہنچنے کے بعد آنکھوں سے دیکھ لیا کہ پیغمبر ٹھیک کہتے تھے اور کتاب یقینی(1) بات پیش کرتی تھی۔

سورۂ مدثر کا یہ مکالمہ جو یہاں درج ہوا ہے، اس کا تعلق عالمِ آخرت سے ہے اور یہ سوال و جواب اہلِ جنت اور اہلِ دوزخ کے درمیان ہوگا۔ ان آیتوں سے اوپر یہ مضمون بیان ہو رہا ہے کہ اہلِ جنت جب جنت میں پہنچ جائیں گے تو بیٹھ کر آپس میں باتیں کریں گے، گفتگو کے دوران انہیں وہ لوگ یاد آ جائیں گے جنہوں نے ایمان لانے کے جرم میں انہیں ستایا تھا، جنہوں نے خدائی تعلیمات کا، اس کی بھیجی ہوئی کتاب کا مذاق اڑایا تھا، جنہوں نے لایعنی اعتراضات کیے تھے، جنہوں نے دعوتِ اسلامی کا راستہ روکنے کے لیے ہزاروں بے معنی شکوک و شبہات کے طوفان اٹھائے تھے، انہیں توحید کی دعوت دی گئی، ان سے کہا گیا کہ اپنے رب کے بندے بنو، اس کی بندگی میں کسی اور کو ساتھی نہ بناؤ کیونکہ تمہاری ربوبیت میں کسی اور کا کچھ ساجھا نہیں۔ ایک وفادار غلام اپنے بہترین آقا کے لیے جیسا کچھ ہوتا ہے، ویسے غلام بنو اپنے پروردگار کے، وہی تمہارا مرکزِ محبت ہو، وہی تمہارا سہارا ہو، وہی تمہارا مسجود ہو، وہی تمہارا حاکم اور فرماں روا ہو، اسی کی راہ پر چلو اور دنیا میں اس کی مرضی پوری کرنے کے لیے جان لڑا دو۔

خلاصہ یہ ہے کہ وہی ایک تمہارا سب کچھ ہو اور تم بھی اس کے سب کچھ بن جاؤ اور اس بے میل توحید اور مکمل غلامی کی محسوس خارجی علامت کے طور پر اس سے الصلوٰۃ (نماز) کی دعوت دی گئی۔ جو انبیائی دعوت کی بنیادِ اوّل ہے، پر انہوں نے مصلّین کی جماعت میں داخل ہونے سے انکار کر دیا اور نہ صرف انکار کیا بلکہ اسی کے خلاف محاذ بنایا۔ اسی کے ساتھ ان سے کہا گیا تھا کہ یہ پورا معاشرہ سگے بھائیوں کا معاشرہ ہے، تمام انسان آپس میں سگے بھائی ہیں، کیونکہ یہ سب ایک ماں (حوا) اور ایک باپ (آدم) کی اولاد ہیں، اس لیے انہیں آپس میں دو سگے بھائیوں کی طرح رہنا چاہیے اور تمہارے سگے بھائیوں میں جو لوگ کمزور ہیں، ان کی کمزوری کو دور کرو، جو لوگ بے سہارا ہوں انہیں سہارا دو، جن کی معاشی حالت گر گئی ہو ان کی مدد کرو تاکہ وہ پاؤں پر کھڑے ہو جائیں، جو لوگ بھوک کا شکار ہو جائیں ان کے لیے غذا فراہم کرو، غرض جو جس پہلو سے مدد کا محتاج ہو اس کی مدد کرو۔ لیکن انہوں نے اس بنیاد کو بھی نہیں مانا بلکہ اس کا مذاق اڑایا اور اس کی طرف بلانے والوں سے کہا کہ تم لوگ بہت گمراہ کن قسم کی دعوت لے کر اٹھے ہو۔ پھر ان کے سامنے یہ حقیقت رکھی گئی کہ جزا و سزا کے دن کا آنا یقینی ہے، جو ان دونوں بنیادوں اور ان کے تقاضوں پر اپنی زندگی کی عمارت اٹھائیں گے وہ دائمی راحت سے ہم کنار ہوں گے اور ان بنیادوں کو جھٹلانے والے دائمی سزا اور کبھی نہ ختم ہونے والے دکھ کا نشانہ بنیں گے۔ تو انہوں نے یہ کہا کہ بالکل غلط، بالکل جھوٹ، جزا و سزا کے جس دن کی تم خبر دے رہے ہو وہ کبھی نہ آئے گا، تم لوگ جھوٹی بات پیش کر رہے ہو۔

اوپر ہم نے قدرے تفصیل سے انبیائی قرآنی دعوت کا ذکر محض اس لیے کیا ہے کہ اہلِ دوزخ کا جواب اچھی طرح روشنی میں آ جائے اور بعد میں جو آیتیں آ رہی ہیں انہیں بھی اس تفصیل کی روشنی میں سمجھا جا سکے۔

یہ آیتیں صاف صاف بتاتی ہیں کہ اہلِ جنت آپس میں کس موضوع پر گفتگو کریں گے، ان کی گفتگو کا موضوع ان کی ایمانی زندگی ہوگی، ان کے دل خدائے رحمن کی حمد و سپاس کے جذبے سے سرشار ہوں گے کہ اس نے اپنا رسول بھیجا، اپنی کتاب اتاری اور ہمیں ایمانی دعوت پر لبیک کہنے کی توفیق بخشی اور اس کی توفیقِ ارزائی سے ہمیں دارالسلام (سلامتی کے گھر) میں جگہ ملی۔ دنیا میں ہم نے ایمان لانے کے بعد یہ تکلیف اٹھائی، یوں اربابِ اقتدار کے غیظ و غضب کا نشانہ بنے اور ہر روز، ہر گلی کوچے میں قوم کے سرداروں، اعزّہ اور رشتہ داروں کے ہدف ملامت بنے، گھر سے نکالے گئے، زندگی بھر کی کمائی سے یوں ہاتھ دھونا پڑا، غرض پوری ایمانی دعوتی زندگی کی روداد ایک دوسرے کو سنائیں گے۔ اسی اثناء میں انہیں دعوتِ اسلامی کے مخالفین یاد آجائیں گے اور پوچھیں گے، بھائیو! وہ ہمارے مخالفین کہاں ہیں، ان کا حشر کیا ہوا، وہ تو دوزخ میں پہنچے! چلو ذرا چل کر دیکھیں۔ چنانچہ وہاں پہنچیں گے، انہیں دیکھیں گے اور پوچھیں گے کن جرائم کی پاداش میں تمہارا یہ حشر ہوا، وہ کہیں گے کہ ہم نے توحید کا انکار کیا، ہم نے توحید کی عملی شکل نماز کا انکار کیا، ہم مصلّین (نمازیوں) کی جماعت میں شامل نہ ہوئے اور ہم نے دعوت کی دوسری بنیاد، مواساۃ (مرحمۃ) ہمدردی و غم خواری کا انکار کیا، غریبوں کی مدد نہیں کرتے تھے۔

ہمارے گھر کے کھتے غلہ سے بھرے ہوئے تھے اور ہمارے سگے بھائی آدم کی اولاد ہماری بستی میں، ہمارے پڑوس میں بھوکے رہتے تھے، بھوکے سوتے تھے، پر ہمارے کھتے کا دہانہ نہیں کھلتا تھا۔ ہم نے غلے سے بھرے گودام کے تالے کی کنجی اِدھر اُدھر کر دی تھی، لوگ مرتے رہے، غلہ سڑتا رہا، لیکن ہمارا دل ذرا نہیں پسیجا، اسی کا نتیجہ ہے کہ خدا کا غضب ہم پر بھڑکا اور ہم پہنچا دیے گئے جہاں آگ کے کھتے ہیں، آگ کے گودام ہیں اور ہمارے غلے کا ایک ایک دانہ سانپ اور بچھو بنا ہوا ڈس رہا ہے۔


(1) عام طور سے مفسرین نے اس آیت میں الیقین کی تفسیر موت سے کی ہے۔

ٹائپ و ڈیجیٹائزیشن: محمد شارق (ٹکریا / ممبئی)

مَا سَلَكَكُمْ فِي سَقَرَ ۝ قَالُوا لَمْ نَكُ مِنَ الْمُصَلِّينَ ۝ وَلَمْ نَكُ نُطْعِمُ الْمِسْكِينَ ۝ وَكُنَّا نَخُوضُ مَعَ الْخَائِضِينَ ۝ وَكُنَّا نُكَذِّبُ بِيَوْمِ الدِّينِ ۝ حَتَّىٰ أَتَانَا الْيَقِينُ
کس چیز نے تم کو یہاں جہنم میں پہنچایا؟ وہ جواب دیں گے: ہم دنیا میں نماز نہیں پڑھتے تھے، ہم مسکینوں کو کھانا نہیں کھلاتے تھے، ہم خدا کی بھیجی ہوئی تعلیمات پر اعتراض اور شکوک و شبہات وارد کرتے تھے اور ہم حساب و جزا کے دن کو جھٹلاتے تھے، یہاں تک کہ مرنے کے بعد اور یہاں عالمِ آخرت میں پہنچنے کے بعد آنکھوں سے دیکھ لیا کہ پیغمبر ٹھیک کہتے تھے اور کتاب یقینی بات پیش کرتی تھی۔
— سورۂ مدثر: آیات ۴۲ تا ۴۷

حوالہ جات و حواشی:

[1]عام طور سے مفسرین نے اس آیت میں الیقین کی تفسیر موت سے کی ہے۔
م

مولانا جلیل احسن ندویؒ

(مایہ ناز مفسر، محدث اور ادیب / جامعۃ الفلاح)

مایہ ناز مفسر و محدث، ادیب اور مفکر (1913ء–1981ء)۔ تفسیر و حدیث، عربی زبان و ادب اور قرآنی مباحث میں بلند پایہ مقام کے حامل تھے۔ فکرِ فراہی اور جامعۃ الفلاح کی فکری روایت کے اکابر میں شمار ہوتے ہیں۔

مصنف کے تمام مضامین دیکھیں ←
ہدایاتِ ربانی
8 منٹ مطالعہ

خدمتِ خلق

سورۃ البلد، سورۃ اللیل اور سورۃ الدہر کی روشنی میں انفاقِ مال، فقر و احتیاج کی دادرسی اور اسلامی خدمتِ خلق کا فکری تصور

سورۃ البلد (آیات ۸ تا ۱۶)، سورۃ اللیل (آیات ۱۷ تا ۲۱) اور سورۃ الدہر (آیات ۷ تا ۱۱) کی روشنی میں مولانا جلیل احسن ندویؒ کا فکر انگیز تفسیری و دعوتی مقالہ، جس میں انسانی ناتوانی، عقبیٰ کی دشوار گزار گھاٹی، غلامی کے بندھن کاٹنے، قحط اور فقر کے مارے ہوئے مسکینوں، یتیموں اور قیدیوں کو کھانا کھلانے اور اسلامی فلاحی معاشرے کے بنیادی اصولوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

انوارِ قرآن / ہدایاتِ ربانی
7 منٹ مطالعہ

دعوت کا شاندار انجام

سورۃ القصص (آیات ۸۵ تا ۸۸) کی روشنی میں مکی دور کی کشمکش، مومنین کی نصرت، اور دعوتِ حق کا حتمی و شاندار انجام

سورۃ القصص کی آخری آیات (۸۵ تا ۸۸) کی روشنی میں مولانا جلیل احسن ندویؒ کا بصیرت افروز درس، جس میں مکی دور کی شدید ترین آزمائشوں، دار الندوہ کی سازشوں، حضرت موسیٰ و فرعون کی کشمکش کے اسباق، لفظ 'معاد' کے تفسیری مفاہیم اور باطل قوتوں کے سامنے توحید پر استقامت و شاندار انجام کا بیان ہے۔

انوارِ قرآن
6 منٹ مطالعہ

اطاعتِ رسول

سورۃ الانفال (آیات ۲۰ تا ۲۵) کی روشنی میں غیر مشروط سمع و اطاعت کا قرآنی فلسفہ

سورۃ الانفال کی آیات (۲۰ تا ۲۵) کے تفسیری نکات پر مولانا جلیل احسن ندویؒ کا فکر انگیز درس، جس میں غزوۂ بدر کے تناظر میں رسول اللہ ﷺ کی غیر مشروط اطاعت، سمع و طاعت کے تقاضوں، نفاق و سرتابی کے نقصانات اور اجتماعی فتنوں و عذاب کے اسباب کا بصیرت افروز تجزیہ کیا گیا ہے۔