سفاری براؤزر کے نیچے موجود شیئر (Share) آئیکن پر ٹیپ کریں۔
اختیارات میں نیچے اسکرول کر کے Add to Home Screen (ہوم اسکرین میں شامل کریں) منتخب کریں۔
اوپر دائیں کونے میں Add پر کلک کریں۔ حیاتِ نو کی ایپ ہوم اسکرین پر شامل ہو جائے گی!
سفاری براؤزر کے نیچے موجود شیئر (Share) آئیکن پر ٹیپ کریں۔
اختیارات میں نیچے اسکرول کر کے Add to Home Screen (ہوم اسکرین میں شامل کریں) منتخب کریں۔
اوپر دائیں کونے میں Add پر کلک کریں۔ حیاتِ نو کی ایپ ہوم اسکرین پر شامل ہو جائے گی!
ماہنامہ حیاتِ نو کی آفیشل ویب ایپ مکمل محفوظ اور مصدقہ ہے۔ بعض براؤزرز (جیسے Samsung Internet) میں انسٹال کرتے وقت گوگل پلے پروٹیکٹ کی احتیاطی وارننگ آ سکتی ہے۔
گوگل کروم میں یہ ایپ بغیر کسی وارننگ کے ایک ہی کلک میں انسٹال ہو جاتی ہے۔
Google Chrome میں کھولیںإِنَّ الَّذِي فَرَضَ عَلَيْكَ الْقُرْآنَ لَرَادُّكَ إِلَىٰ مَعَادٍ ۚ قُل رَّبِّي أَعْلَمُ مَن جَاءَ بِالْهُدَىٰ وَمَنْ هُوَ فِي ضَلَالٍ مُّبِينٍ ◯ وَمَا كُنتَ تَرْجُو أَن يُلْقَىٰ إِلَيْكَ الْكِتَابُ إِلَّا رَحْمَةً مِّن رَّبِّكَ ۖ فَلَا تَكُونَنَّ ظَهِيرًا لِّلْكَافِرِينَ ◯ وَلَا يَصُدُّنَّكَ عَنْ آيَاتِ اللَّهِ بَعْدَ إِذْ أُنزِلَتْ إِلَيْكَ ۖ وَادْعُ إِلَىٰ رَبِّكَ ۖ وَلَا تَكُونَنَّ مِنَ الْمُشْرِكِينَ ◯ وَلَا تَدْعُ مَعَ اللَّهِ إِلَٰهًا آخَرَ ۘ لَا إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ ۚ كُلُّ شَيْءٍ هَالِكٌ إِلَّا وَجْهَهُ ۚ لَهُ الْحُكْمُ وَإِلَيْهِ تُرْجَعُونَ ◯
(سورۃ القصص، آیات ۸۵ تا ۸۸)
ترجمہ:
بے شک جس نے تم پر قرآن کی ذمہ داری ڈالی ہے وہ تمہیں ایک بہترین و شاندار انجام تک پہنچا کے رہے گا، کہہ دو کہ میرا رب خوب جانتا ہے کہ کون اللہ کی ہدایت لے کر آیا ہے اور کون کھلی گمراہی میں مبتلا ہے، اور تم اس بات کی توقع نہیں کرتے تھے کہ تم پر کتاب اتاری جائے لیکن یہ تمہارے رب کا تم پر فضل ہوا کہ تم کو نبی بنایا گیا اور کتاب اتاری گئی، تو تم کافروں کے پشت پناہ نہ بننا اور یہ کافر لوگ تم کو اللہ کی آیات سے روکنے نہ پائیں ان آیات کے اتارے جانے کے بعد، اور تم اپنے رب کی طرف بلاؤ اور مشرکوں میں سے نہ ہونا، اور اللہ کے ساتھ کسی معبود کو نہ پکارنا، اس کے سوا کوئی معبود نہیں، اس کی ذات کے سوا ہر چیز فانی ہے، فیصلہ اسی کے اختیار میں ہے اور تم سب اسی کی طرف لوٹائے جاؤ گے۔
یہ سورۂ قصص کی وہ آیتیں ہیں جو سورہ کے خاتمے کی حیثیت رکھتی ہیں اور یہ سورہ مکی دورِ دعوت کے آخری زمانے میں نازل ہوئی، جب کہ قریشی اربابِ اقتدار مسلمانوں کو فنا کرنے اور دعوتِ اسلامی کو بیخ و بُن سے اکھاڑ دینے کے لیے بار بار اپنی اجتماع گاہ (دار الندوہ) میں بیٹھ کر مختلف اسکیموں پر غور کر رہے تھے۔ اسی غرض سے سورہ کے آغاز میں حضرت موسیٰ اور فرعون کی کشمکش کی داستان بیان ہوئی۔ فرعونیوں نے فیصلہ کیا تھا کہ بتدریج اسرائیلی مسلمانوں کا خاتمہ کر دیا جائے اور اللہ کا فیصلہ یہ تھا کہ مظلوم مسلمانوں پر احسان کرے، ان کو خیر و ہدایت کا امام بنائے، انہیں انبیاء کی میراث یعنی نبوت بخشے اور ان کو با اقتدار بنائے؛ چنانچہ اللہ کا ارادہ پورا ہوا اور فرعونی ناکام ہو گئے۔ مقصود اس داستان سے مکی مسلمانوں کو تسلی دینا ہے۔
زیرِ بحث آیتوں میں نبیؐ اور آپ کے پیروؤں کو تسلی دی جا رہی ہے کہ جب کہ ہم نے تم پر قرآن کی دعوت فرض کی ہے تو ہم ضرور تم کو شاندار انجام تک پہنچائیں گے۔ پہلی آیت میں ”معاد“ کا لفظ آیا ہے جس کے معنی انجام اور نتیجہ کے ہیں، جیسا کہ دیوانِ حماسہ کے اس شعر میں آیا ہے:
یعنی جب ہم ممدوح کے پاس پہنچیں گے تو بہترین انجام سے بہرہ ور ہوں گے، وہ خوب ہم پر داد و دہش کی بارش کرے گا۔ مطلب یہ ہے کہ دنیا اور آخرت دونوں میں تمہارا انجام اچھا اور شاندار ہوگا۔
دوسری بات یہ جاننے کی ہے کہ خطاب اگرچہ پیغمبر سے ہے لیکن تمام اہل ایمان بھی اس خطاب میں شریک ہیں اور اس کی دلیل آیت ۸۸ کا آخری جملہ ہے جس میں جماعت کو خطاب کیا گیا ہے۔ اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ صرف نبی پر قرآن کی دعوت و تبلیغ فرض نہیں ہے، اہل ایمان پر بھی دعوت و تبلیغ فرض ہے۔ یہ بات دوسری بہت سی سورتوں اور آیتوں سے واضح ہوتی ہے اور اسی وجہ سے نبی پر جو لوگ ایمان لائے وہ جتنا دین سیکھتے دوسروں تک پہنچاتے اور خود نبی صلی اللہ علیہ وسلم بھی لوگوں کو انفرادی اور اجتماعی طور پر ان کے حلقۂ تعارف میں بھیجتے اور ان سے رپورٹ لیتے تھے جیسا کہ سیرت ابن ہشام وغیرہ سے معلوم ہوتا ہے۔
”ربی اعلم“ — یہ جواب ہے مخالفینِ دعوت کے اس پروپیگنڈہ کا کہ اے مسلمانوں تم گمراہ ہو اور تمہارے حصے میں ناکامی آئے گی۔ نبی کی زبان سے اس کا جواب دیا گیا کہ میرا رب خوب جانتا ہے کون راست رو ہے اور کون کھلی ہوئی گمراہی میں مبتلا ہے اور ظاہر ہے کہ وہ انہی لوگوں کو کامیاب اور بامراد کرے گا جو اس کی راہ پر چل رہے ہوں۔ لیکن یہ بات لپیٹ کر کہی گئی ہے کیونکہ نبی کی زبان سے ادا ہو رہی ہے؛ جہاں بھی آپ قرآن میں دیکھیں گے، انبیاء کا جواب درد و سوز میں ڈوبا ہوا ہوتا ہے اور کوئی ایسا فقرہ نبی کی زبان سے نہیں نکلتا جو مخالفین کے لیے ادنیٰ درجہ میں بھی اشتعال انگیز ہو۔
انبیائی طرزِ کلام پر بعد میں لکھنے کا ارادہ ہے، اللہ اسے پورا کرے۔ اس سے یہ بات ثابت ہوگی کہ داعیانِ حق کا طرزِ خطاب کیسا ہونا چاہیے۔
آیت ۸۶ میں یہ بات کہی گئی کہ تم نبوت کے طلبگار یا امیدوار نہیں تھے، بلکہ تمہارا انتخاب اللہ تعالیٰ نے کیا ہے اور خدا کا تم پر فضل ہوا ہے۔ اس فضل و انعام کا شکریہ اس طرح ادا ہونا چاہیے کہ تم لوگ مخالف طاقتوں کے دباؤ میں آکر ان کے مددگار و پشت پناہ نہ بننا، یعنی کسی بھی پہلو سے کفر و شرک کا اثر مت قبول کرنا اور اللہ کے احکام پر یکسوئی کے ساتھ عمل کرنا، اپنے رب کی دعوت دینا اور کسی طرح کا دباؤ قبول نہ کرنا۔ اور ان کے مشرکانہ عقائد سے دور رہنا، خدائے حی و قیوم کی توحید پر مضبوطی سے جمے رہنا؛ فیصلہ کا اختیار اسی کو ہے اور وہ تمہارے حق میں فیصلہ کرے گا، یہاں بھی اور وہاں بھی۔ یہ خلاصہ ہے ان تمام آیتوں کا۔
ان آیتوں سے یہ بات واضح طور پر نکلتی ہے کہ اربابِ اقتدار قریشی لیڈر مسلمانوں کو ستا ستا کر ان کو نکھری ہوئی مکمل توحید سے ہٹا دینا چاہتے تھے۔ اس لیے اللہ نے مختلف جملوں اور آیتوں میں اس پر متنبہ کیا، بتایا کہ تم لوگ ہرگز ان کے دباؤ میں نہ آنا، توحید پر جمے رہو اور توحید کی دعوت دیتے رہو، شرک کا کوئی اثر قبول نہ کرو اور یہ جانے رہو کہ خدا زندہ ہے وہ کبھی نہیں مرے گا، اسی کے ہاتھ میں سب کچھ ہے اور وہ تمہارا مرجعِ کل ہے۔
آیت ۸۶ میں ”ظہیر“ کا لفظ آیا ہے جس کے معنی پشت پناہ اور مددگار کے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ داعیانِ حق اگر مخالف طاقتوں سے مرعوب ہو کر ان کے نظریات قبول کر لیں یا کچھ مصالحت پسندی کی روش اختیار کریں تو یہ گویا کافروں کی پشت پناہی یا مدد کرنے کے مترادف ہوگی۔
آخری آیت کا آخری جملہ دو مفہوم رکھتا ہے: ایک مشہور مفہوم یہ کہ تم مرنے کے بعد حساب کتاب کے لیے اس کے پاس لے جائے جاؤ گے، اور دوسرا مفہوم یہ ہے کہ وہی تمہارا واحد سہارا اور مرجعِ کل ہے اور کوئی تمہارا ساتھی اور مددگار نہیں ہوگا۔ لہٰذا اس مرجعِ کل اور واحد سہارے پر اعتماد باقی رکھو اور اس کی ہدایت پر عمل کرو۔ تمام امور کی باگ ڈور اسی کے ہاتھ میں ہے، لہٰذا کافروں کے دباؤ میں آکر اپنی راہ سے نہ ہٹنا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ان آیتوں پر عمل کی توفیق بخشے۔ آمین!
ٹائپ و ڈیجیٹائزیشن: محمد شارق (ٹکریا / ممبئی)