مرکزی مواد پر جائیں (Skip to main content)
ماہنامہ حیاتِ نوانجمن طلبہ قدیم جامعۃالفلاح کا ترجمان

اطاعتِ رسول

سورۃ الانفال (آیات ۲۰ تا ۲۵) کی روشنی میں غیر مشروط سمع و اطاعت کا قرآنی فلسفہ

م
مولانا جلیل احسن ندویؒ
مایہ ناز مفسر، محدث اور ادیب / جامعۃ الفلاح
حجمِ خط:100%
رسم الخط:
خلاصۂ مقالہ:سورۃ الانفال کی آیات (۲۰ تا ۲۵) کے تفسیری نکات پر مولانا جلیل احسن ندویؒ کا فکر انگیز درس، جس میں غزوۂ بدر کے تناظر میں رسول اللہ ﷺ کی غیر مشروط اطاعت، سمع و طاعت کے تقاضوں، نفاق و سرتابی کے نقصانات اور اجتماعی فتنوں و عذاب کے اسباب کا بصیرت افروز تجزیہ کیا گیا ہے۔

آیاتِ مبارکہ و ترجمہ

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا أَطِيعُوا اللَّهَ وَرَسُولَهُ وَلَا تَوَلَّوْا عَنْهُ وَأَنْتُمْ تَسْمَعُونَ ◯ وَلَا تَكُونُوا كَالَّذِينَ قَالُوا سَمِعْنَا وَهُمْ لَا يَسْمَعُونَ ◯ إِنَّ شَرَّ الدَّوَابِّ عِنْدَ اللَّهِ الصُّمُّ الْبُكْمُ الَّذِينَ لَا يَعْقِلُونَ ◯ وَلَوْ عَلِمَ اللَّهُ فِيهِمْ خَيْرًا لَأَسْمَعَهُمْ وَلَوْ أَسْمَعَهُمْ لَتَوَلَّوْا وَهُمْ مُعْرِضُونَ ◯ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اسْتَجِيبُوا لِلَّهِ وَلِلرَّسُولِ إِذَا دَعَاكُمْ لِمَا يُحْيِيكُمْ وَاعْلَمُوا أَنَّ اللَّهَ يَحُولُ بَيْنَ الْمَرْءِ وَقَلْبِهِ وَأَنَّهُ إِلَيْهِ تُحْشَرُونَ ◯ وَاتَّقُوا فِتْنَةً لَا تُصِيبَنَّ الَّذِينَ ظَلَمُوا مِنْكُمْ خَاصَّةً وَاعْلَمُوا أَنَّ اللَّهَ شَدِيدُ الْعِقَابِ ◯

ترجمہ:
اے ایمان والو! (خوشدلی کے ساتھ) اللہ اور اس کے رسول کا کہا مانو اور خبردار اعراض مت کرنا جب کہ تم کو بلایا جائے، درآں حالیکہ تم سن رہے ہو اور ان لوگوں کی طرح نہ ہو جاؤ جنھوں نے کہا ہم نے سنا حالانکہ وہ نہیں سنتے۔ یقیناً خدا کے نزدیک بدترین قسم کے جانور وہ ہیں جو بہرے بن گئے ہیں، گونگے بن گئے ہیں، جو عقل سے کام نہیں لیتے۔ اگر اللہ کو معلوم ہوتا کہ ان کے اندر قبولیت حق کی کچھ بھی صلاحیت ہے تو وہ انھیں سننے والا بنا دیتا۔ اگر اللہ جبراً ان کو سننے والا بنا دیتا تو یہ بالکلیہ منہ پھیر لیتے۔

اے اہل ایمان! تم اللہ اور اس کے رسول کی پکار پر لبیک کہتے رہنا جو تمہارے لئے زندگی بخش ہے اور یہ جان لو کہ اللہ آدمی اور اس کے دل کے درمیان حائل رہتا ہے اور تم اس کی طرف سمیٹے جاؤ گے۔ اور پھر اس عذاب سے (ڈرو) جو (رسول کی نافرمانی کے نتیجے میں آتا ہے) جو خاص طور پر کافروں ہی کو نہ پہنچے گا اور جان لو اللہ (ظالموں کو) سخت سزا دینے والا ہے۔ (الانفال: ۲۰ – ۲۵)

تشریح و تفسیری نکات

یہ آیات سورۃ الانفال کی ہیں جو بدر کے بعد نازل ہوئی۔ یہ نہایت عظیم الشان سورہ ہے جس میں مسلمانوں کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم (مسلم فوج کے سپہ سالار) کی غیر مشروط اطاعت اور خدا پر مکمل اعتماد کی تعلیم دی گئی ہے۔ اس طرح مسلمانوں کو آئندہ مراحل میں جانی و مالی قربانی دینے کے لئے تیار کیا گیا ہے اور قانون جنگ و صلح اور تقسیم غنائم کے متعلق ہدایات دی گئی ہیں۔

ان آیات میں اللہ اطاعتِ کاملہ کی ہدایات دے رہا ہے۔

۲۰- کہا جا رہا ہے کہ اے ایمان والو خوشدلی کے ساتھ اللہ کے رسول کا کہا مانو۔ غیر مشروط طور پر اپنے کمانڈر کی اطاعت کرتے رہنا تاکہ مسلم فوج میں انتشار و افتراق پیدا نہ ہونے پائے کیونکہ باہمی اتفاق و اتحاد اور کمانڈر کی فرماں برداری ہی سے تم کامیاب و کامران ہو سکتے ہو۔ جب تم کو رسول خدا جہاد کی طرف بلائیں تو تم لبیک کہو۔ اس سے روگردانی مت کرو۔ واضح رہے کہ مدنی سورتوں میں جب اطاعتِ خدا اور اطاعتِ رسول کا لفظ آتا ہے تو اس سے مراد رسول کی اطاعت ہوا کرتی ہے۔ مدنی سورتوں میں اس تخصیص کی وجہ یہود و نصاریٰ اور منافقین کو یہ بتلانا ہوتا ہے کہ رسول کی اطاعت سے کسی حالت میں بھی مفر نہیں۔

۲۱- اور تم ان لوگوں کی طرح نہ ہونا جو اپنے انبیاء کو دھوکا دینے کے لئے یہ کہہ دیتے تھے کہ اے نبی جو آپ کہہ رہے ہیں ہم اس کو بڑے دھیان سے سن رہے ہیں اور آپ نے جو کہا اس پر عمل کریں گے، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہوتی تھی۔ وہ لوگ اپنے انبیاء کو بہکانے کے لئے ایسا کیا کرتے تھے۔ جب رسول ان کو کسی کام کے کرنے کا حکم دیتے تو یہ اعراض کرتے۔ اشارہ ہے بنی اسرائیل کی طرف، موجودہ منافقین کا بھی یہی حال ہے کہ جب ان کا کوئی معاملہ ہوتا تھا تو سمع و اطاعت کا مظاہرہ کرتے اور جب رسول ان کو کوئی حکم دیتے تو وہ اس سے سرتابی کرتے۔ اس لحاظ سے اس سے مراد یہود و منافقین دونوں ہو جائیں گے۔

۲۲- بہرے، گونگے اور عقل سے کام نہ لینے والوں سے مراد یہود و منافقین ہیں جن کا تذکرہ اوپر والی آیت ”الذین قالوا سمعنا وھم لا یسمعون“ کے تحت آیا ہے یعنی ان منافقین و یہود کی طرح اپنے کو بہرہ گونگا بنایا ہے کہ سن کر ان سنی کر دیتے ہیں اور عقل کو بالائے طاق رکھ دیتے ہیں۔ لہٰذا اے مسلمانو! خبردار تم ایسا نہ کرنا۔

۲۳- ہم نے ان کے ساتھ یہ سلوک (یعنی قبولیتِ حق کی استعداد کو چھین لیا) بلا وجہ نہیں کیا بلکہ اس کا مستحق انھوں نے خود اپنے اعمال سے بنا لیا۔ خیر سے مراد قبولیتِ حق کی استعداد ہے۔ اگر ان کے اندر کچھ بھی حق کو قبول کرنے کی صلاحیت موجود ہوتی تو وہ ان کو سننے والا بنا دیتا کہ قانونِ خداوندی یہی ہے، مگر اللہ جبراً سامع بنا دیتا تو یہ قے کر دیتے جس طرح آدمی مکھی کو قے کر دیتا ہے۔ (لَاَسْمَعَهُمْ کے بعد جبراً و قہراً محذوف ہے)۔ اے امت مسلمہ! تو ان کی روش اختیار مت کرنا۔ عصیان و نافرمانی کی راہ مت اپنانا۔ رسول کی اطاعت کرتے رہنا۔

۲۴- تم رسول کی اطاعت پر لبیک کہنا جبکہ رسول تم کو اس چیز کی طرف بلائے جو کہ تم کو زندگی بخشنے والی ہے (لِمَا يُحْيِيكُمْ)۔ زندگی بخش چیز سے مراد جہاد اور انفاق ہے کیونکہ اس سے قوموں کو زندگی ملتی ہے۔ زندگی سے مراد قومی عزت اور قومی شرف ہے۔ جہاد اور انفاق ایمان کو تازہ کرتے اور زندہ رکھتے ہیں اور یہ بات ہمیشہ تمہارے ذہن میں مستحضر رہے کہ اللہ آدمی اور اس کے دل کے درمیان حائل رہتا ہے یعنی آدمی اپنے دل کی نفسیات کو اتنا نہیں سمجھ سکتا جتنا اللہ سمجھ سکتا ہے۔

اس سے یہ نتیجہ خود بخود نکلتا ہے کہ اے مسلمانو! جب تمھارے دل میں یہ بات مستحضر رہے گی تو تم سمع و اطاعت کا حق ادا کرو گے۔ یہ دونوں چیزیں یعنی اسرارِ قلب سے خدا کی واقفیت اور اس کی طرف پلٹنا کسی شخص کے ذہن میں تازہ رہیں تو وہ بیان کردہ ہدایات پر عمل کر سکتا ہے، انھیں کے باعث وہ عصیانِ رسول سے بچ سکتا ہے۔

۲۵- فتنہ سے مراد وہ عذاب ہے جو عصیانِ رسول کے نتیجہ میں آتا ہے۔ سورہ نور (۶۳) میں بھی یہی معنی مراد ہے۔ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو آگاہ کر رہا ہے کہ رسول جس اصلاح و ہدایات کا بیڑہ لے کر اٹھا ہے اور تم کو جس خدمت میں ہاتھ بٹانے کی طرف دعوت دے رہا ہے اس میں در حقیقت شخصی و اجتماعی دونوں طرح کی کامیابی ہے اور اسی سے تم اپنی تحریک کو آگے بڑھا سکتے ہو لیکن اگر تم ایسا نہ کرو گے تو معاشرہ میں انتشار برپا ہوگا اور تم اپنے اصولوں کو کامیاب نہ بنا سکو گے۔ لہٰذا تم ان ہدایات پر عمل کرو اور ان برائیوں کو جو سوسائٹی میں پھیلی ہوئی ہیں ان کو ختم کرنے کی جد و جہد کرو۔ لیکن اگر تم ایسا نہ کرو گے تو اس کے نتیجہ میں جو عذاب آئے گا اس کی لپیٹ میں تم بھی شامل ہو جاؤ گے کیونکہ اس صورت میں صرف گناہ کرنے والے ہی گرفتار نہیں ہوتے بلکہ وہ لوگ بھی اس کی لپیٹ میں آجاتے ہیں جو ایسے ماحول میں رہنا گوارا کرتے ہیں اور ماحول کے سدھار کی کوشش نہیں کرتے۔


ٹائپ و ڈیجیٹائزیشن: عبد الرحیم مجیب اللہ

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا أَطِيعُوا اللَّهَ وَرَسُولَهُ وَلَا تَوَلَّوْا عَنْهُ وَأَنْتُمْ تَسْمَعُونَ ۝ وَلَا تَكُونُوا كَالَّذِينَ قَالُوا سَمِعْنَا وَهُمْ لَا يَسْمَعُونَ ۝ إِنَّ شَرَّ الدَّوَابِّ عِنْدَ اللَّهِ الصُّمُّ الْبُكْمُ الَّذِينَ لَا يَعْقِلُونَ ۝ وَلَوْ عَلِمَ اللَّهُ فِيهِمْ خَيْرًا لَأَسْمَعَهُمْ وَلَوْ أَسْمَعَهُمْ لَتَوَلَّوْا وَهُمْ مُعْرِضُونَ ۝ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اسْتَجِيبُوا لِلَّهِ وَلِلرَّسُولِ إِذَا دَعَاكُمْ لِمَا يُحْيِيكُمْ وَاعْلَمُوا أَنَّ اللَّهَ يَحُولُ بَيْنَ الْمَرْءِ وَقَلْبِهِ وَأَنَّهُ إِلَيْهِ تُحْشَرُونَ ۝ وَاتَّقُوا فِتْنَةً لَا تُصِيبَنَّ الَّذِينَ ظَلَمُوا مِنْكُمْ خَاصَّةً وَاعْلَمُوا أَنَّ اللَّهَ شَدِيدُ الْعِقَابِ
اے ایمان والو! (خوشدلی کے ساتھ) اللہ اور اس کے رسول کا کہا مانو اور خبردار اعراض مت کرنا جب کہ تم کو بلایا جائے، درآں حالیکہ تم سن رہے ہو اور ان لوگوں کی طرح نہ ہو جاؤ جنھوں نے کہا ہم نے سنا حالانکہ وہ نہیں سنتے۔ یقیناً خدا کے نزدیک بدترین قسم کے جانور وہ ہیں جو بہرے بن گئے ہیں، گونگے بن گئے ہیں، جو عقل سے کام نہیں لیتے۔ اگر اللہ کو معلوم ہوتا کہ ان کے اندر قبولیت حق کی کچھ بھی صلاحیت ہے تو وہ انھیں سننے والا بنا دیتا۔ اگر اللہ جبراً ان کو سننے والا بنا دیتا تو یہ بالکلیہ منہ پھیر لیتے۔ اے اہل ایمان! تم اللہ اور اس کے رسول کی پکار پر لبیک کہتے رہنا جو تمہارے لئے زندگی بخش ہے اور یہ جان لو کہ اللہ آدمی اور اس کے دل کے درمیان حائل رہتا ہے اور تم اس کی طرف سمیٹے جاؤ گے۔ اور پھر اس عذاب سے (ڈرو) جو (رسول کی نافرمانی کے نتیجے میں آتا ہے) جو خاص طور پر کافروں ہی کو نہ پہنچے گا اور جان لو اللہ (ظالموں کو) سخت سزا دینے والا ہے۔
— سورۃ الانفال: آیات ۲۰ تا ۲۵
م

مولانا جلیل احسن ندویؒ

(مایہ ناز مفسر، محدث اور ادیب / جامعۃ الفلاح)

مایہ ناز مفسر و محدث، ادیب اور مفکر (1913ء–1981ء)۔ تفسیر و حدیث، عربی زبان و ادب اور قرآنی مباحث میں بلند پایہ مقام کے حامل تھے۔ فکرِ فراہی اور جامعۃ الفلاح کی فکری روایت کے اکابر میں شمار ہوتے ہیں۔

مصنف کے تمام مضامین دیکھیں ←
انوارِ قرآن / ہدایاتِ ربانی
7 منٹ مطالعہ

دعوت کا شاندار انجام

سورۃ القصص (آیات ۸۵ تا ۸۸) کی روشنی میں مکی دور کی کشمکش، مومنین کی نصرت، اور دعوتِ حق کا حتمی و شاندار انجام

سورۃ القصص کی آخری آیات (۸۵ تا ۸۸) کی روشنی میں مولانا جلیل احسن ندویؒ کا بصیرت افروز درس، جس میں مکی دور کی شدید ترین آزمائشوں، دار الندوہ کی سازشوں، حضرت موسیٰ و فرعون کی کشمکش کے اسباق، لفظ 'معاد' کے تفسیری مفاہیم اور باطل قوتوں کے سامنے توحید پر استقامت و شاندار انجام کا بیان ہے۔

انوارِ قرآن
7 منٹ مطالعہ

حق کے علمبردار ہوں یا باطل کے، وہ نوجوان یا جوان ہی ہوتے ہیں

سورۃ الکہف (آیات ۱۳ تا ۱۷) کی روشنی میں اصحابِ کہف کا عبرت آموز واقعہ اور تحریکاتِ حق میں شبابِ ملت کے تاریخی کردار کا تجزیہ

سورۃ الکہف کی آیات (۱۳ تا ۱۷) کی روشنی میں مولانا جلیل احسن ندویؒ کا فکر انگیز درس، جس میں اصحابِ کہف کے ایمان، باطل کے سامنے نوجوانانہ عزم و استقامت، ہجرتِ غار اور دورِ حاضر کے مسلم نوجوانوں کی ذمہ داریوں کا ایمان افروز احاطہ کیا گیا ہے۔

ہدایاتِ ربانی
8 منٹ مطالعہ

خدمتِ خلق

سورۃ البلد، سورۃ اللیل اور سورۃ الدہر کی روشنی میں انفاقِ مال، فقر و احتیاج کی دادرسی اور اسلامی خدمتِ خلق کا فکری تصور

سورۃ البلد (آیات ۸ تا ۱۶)، سورۃ اللیل (آیات ۱۷ تا ۲۱) اور سورۃ الدہر (آیات ۷ تا ۱۱) کی روشنی میں مولانا جلیل احسن ندویؒ کا فکر انگیز تفسیری و دعوتی مقالہ، جس میں انسانی ناتوانی، عقبیٰ کی دشوار گزار گھاٹی، غلامی کے بندھن کاٹنے، قحط اور فقر کے مارے ہوئے مسکینوں، یتیموں اور قیدیوں کو کھانا کھلانے اور اسلامی فلاحی معاشرے کے بنیادی اصولوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔