سفاری براؤزر کے نیچے موجود شیئر (Share) آئیکن پر ٹیپ کریں۔
اختیارات میں نیچے اسکرول کر کے Add to Home Screen (ہوم اسکرین میں شامل کریں) منتخب کریں۔
اوپر دائیں کونے میں Add پر کلک کریں۔ حیاتِ نو کی ایپ ہوم اسکرین پر شامل ہو جائے گی!
سفاری براؤزر کے نیچے موجود شیئر (Share) آئیکن پر ٹیپ کریں۔
اختیارات میں نیچے اسکرول کر کے Add to Home Screen (ہوم اسکرین میں شامل کریں) منتخب کریں۔
اوپر دائیں کونے میں Add پر کلک کریں۔ حیاتِ نو کی ایپ ہوم اسکرین پر شامل ہو جائے گی!
ماہنامہ حیاتِ نو کی آفیشل ویب ایپ مکمل محفوظ اور مصدقہ ہے۔ بعض براؤزرز (جیسے Samsung Internet) میں انسٹال کرتے وقت گوگل پلے پروٹیکٹ کی احتیاطی وارننگ آ سکتی ہے۔
گوگل کروم میں یہ ایپ بغیر کسی وارننگ کے ایک ہی کلک میں انسٹال ہو جاتی ہے۔
Google Chrome میں کھولیںإِنَّهُمْ فِتْيَةٌ آمَنُوا بِرَبِّهِمْ وَزِدْنَاهُمْ هُدًى ◯ وَرَبَطْنَا عَلَىٰ قُلُوبِهِمْ إِذْ قَامُوا فَقَالُوا رَبُّنَا رَبُّ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ لَن نَّدْعُوَ مِن دُونِهِ إِلَٰهًا ۖ لَّقَدْ قُلْنَا إِذًا شَطَطًا ◯ هَٰؤُلَاءِ قَوْمُنَا اتَّخَذُوا مِن دُونِهِ آلِهَةً ۖ لَّوْلَا يَأْتُونَ عَلَيْهِم بِسُلْطَانٍ بَيِّنٍ ۖ فَمَنْ أَظْلَمُ مِمَّنِ افْتَرَىٰ عَلَى اللَّهِ كَذِبًا ◯ وَإِذِ اعْتَزَلْتُمُوهُمْ وَمَا يَعْبُدُونَ إِلَّا اللَّهَ فَأْوُوا إِلَى الْكَهْفِ يَنشُرْ لَكُمْ رَبُّكُم مِّ ن رَّحْمَتِهِ وَيُهَيِّئْ لَكُم مِّنْ أَمْرِكُم مِّرْفَقًا ◯ وَتَرَى الشَّمْسَ إِذَا طَلَعَت تَّزَاوَرُ عَن كَهْفِهِمْ ذَاتَ الْيَمِينِ وَإِذَا غَرَبَت تَّقْرِضُهُمْ ذَاتَ الشِّـمَالِ وَهُمْ فِي فَجْوَةٍ مِّنْهُ ۚ ذَٰلِكَ مِنْ آيَاتِ اللَّهِ ۗ مَن يَهْدِ اللَّهُ فَهُوَ الْمُهْتَدِ ۖ وَمَن يُضِلْلِ فَلَن تَجِدَ لَهُ وَلِيًّا مُّرْشِدًا ◯
(سورة الکہف: آيات ۱۳ تا ۱۷)
یہ آیتیں جو ابھی آپ کے سامنے پڑھی گئی ہیں سورۂ کہف کی آیتیں ہیں۔ ان میں ان نوجوانوں کا تذکرہ ہے جو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت سے پہلے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے صحیح دین پر ایمان لائے تھے اور اپنے پورے وجود کو خدائے لم یزل کے حوالے کر دیا تھا۔ یہ قصہ نبیِ امی ﷺ کی جماعت کو نہایت ہی پرآشوب دور میں سنایا جا رہا ہے جبکہ ان لوگوں کے اوپر ایمان لانے کے جرم میں ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے تھے۔ مکی دور میں جو لوگ سب سے پہلے مشرف بہ اسلام ہوئے تھے وہ سب کے سب یا تو نوجوان تھے یا جوان۔ ایسے پرفتن دور میں ان کہفی نوجوانوں کا قصہ اس غرض سے سنایا جا رہا ہے کہ ان کے قلوب مضبوط ہوں اور انہیں مظالم و تشدد برداشت کرنے کی مزید قوت ملے۔
اس پس منظر کی روشنی میں جب ہم اس آیت (۱۳) پر غور کرتے ہیں تو یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ حضرت مسیح کے مبلغین نے دعوتِ مسیحی سب کو پہنچائی تھی لیکن ایمان لانے کی توفیق ان نوجوانوں ہی کو نصیب ہوئی جنہوں نے اس کی جانب صدقِ دل سے پیش قدمی کی تھی۔ نوجوان ہی کیوں ایمان جیسی گرانمایہ دولت سے بہرہ ور ہوئے؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کی رگوں میں گرم خون گردش کرتا ہے، یہ اپنے عزم و ارادے میں فولاد کی طرح مضبوط ہوتے ہیں، ان کے اندر ہمت، جوانمردی اور جرات و دلیری ہوتی ہے۔ وہ جس چیز کو سمجھ کر اپنا لیتے ہیں تو پھر کوئی چیز بھی ان کو اس سے نہیں ہٹا سکتی، اس کے لیے وہ سر دھڑ کی بازی لگانے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ تاریخِ نوعِ انسانی شیر دل نوجوانوں ہی کی رہینِ منت ہے، خواہ وہ حق کے علمبردار ہوں یا باطل کے، وہ نوجوان یا جوان ہی ہوتے ہیں۔
انبیاء کرام کی دعوتِ حق پر سب سے پہلے انہوں نے ہی لبیک کہا اور آخری نبیِ امی ﷺ کی تاریخِ دعوت بھی انہی شیر دل نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ بعد میں تو سن رسیدہ لوگوں کی ایک جمِ غفیر ایمان لائی لیکن ابتداءً اسی گروہِ جانباز نے پیش قدمی کی تھی۔ معرکہِ حق و باطل تو ابتدائےِ آفرینش ہی سے برپا رہا ہے لیکن جب بھی کوئی خیر پسند گروہ توحیدی نظام قبول کرتا ہے اور ماحول مشرکانہ ہوتا ہے تو پہلے ہی دن سے ابتلاء و آزمائش شروع ہو جاتی ہیں، اور جیسے جیسے صاحبِ اخیار آگے بڑھتے جاتے ہیں اللہ تعالیٰ ان کی رہنمائی میں اضافہ فرماتا ہے اور سخت سے سخت تر امتحان کے لیے ان کے قلوب کو تیار کر دیتا ہے۔ کہفی نوجوانوں کو اللہ نے صبر و ضبط کی وہ قوت عطا فرمائی، اور وہ ہر دباؤ کا مقابلہ خندہ پیشانی سے کرتے رہے، انہوں نے ببانگِ دہل یہ اعلان کیا کہ ہم خالقِ ارض و سما کو اپنا رب اور آقا تسلیم کرتے ہیں۔ اس کے ماسوا کسی کے دباؤ میں آ کر ہم ہرگز ملک و قوم کے مشرکانہ مذہب اور باطلانہ اعتقاد و رسوم کو قبول نہیں کریں گے۔ اگر دباؤ میں آ کر ہم نے نظامِ باطل کو کلاً یا جزءً قبول کر لیا تو یہ حق سے انحراف کی بات ہوگی جس کے نتیجے میں ہم اپنے حقیقی رب سے دور تر ہو جائیں گے۔ مشرکانہ دین اختیار کرنے والے اپنے پاس کوئی دلیل و برہان نہیں رکھتے، اور الٹا ہم پر اپنے تمام وسائل و ذرائع سے باطل کو اختیار کرنے پر دباؤ ڈال رہے ہیں، وہ اپنے اس مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ (یہ خلاصہ آیت ۱۴ و ۱۵ کا ہے)۔
آیت نمبر ۱۶ سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ جب ان فولادی عزم رکھنے والے نوجوانوں سے وقت کے اربابِ اقتدار مایوس ہو چکے تو انہوں نے باہم طے کیا کہ یہ باغی لوگ ہمارے معاشرے میں رہنے کے لائق نہیں ہیں، انہیں پتھر مار مار کر ہلاک کرنا ہے۔ جب دعوتی کشمکش سنگین ہو کر اس مرحلے میں پہنچی تو انہوں نے خدائے بزرگ و برتر کے ایماء پر ہجرت کرنے کا فیصلہ کیا، اور یہی سنگین وقت کسی قوم و ملک کے داعی کے لیے بہت نزاکت کا وقت ہوتا ہے۔ اب وہ جائیں تو کہاں؟ کیونکہ ہر چہار جانب باطل کی حکمرانی ہے۔ اس لیے خداوندِ کریم نے ان لوگوں کو خواب کے ذریعے یا ہاتفِ غیبی کے ذریعے اس غار کی نشاندہی فرمائی جو اسی ملک میں واقع تھا۔ با حوصلہ شیر دل نوجوانوں نے اپنے اجتماع میں طے کیا کہ جب ہم قوم اور اس کے باطل نظریات و عقائد سے مصالحت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں، اور قوم نے بھی ہمیں سنگسار کرنے کا فیصلہ کر چکی ہے، تو اب ہم اس متعینہ غار میں چلیں وہاں خداوندِ کریم اپنی رحمت کی چادر پھیلائے گا۔ ہم یہ نہ سوچیں کہ آگے کیا ہوگا، ہمیں اللہ بزرگ و برتر سے پُر امید رہنا چاہیے، وہ ہمارے بیچ ہر طرح کی آسانیاں فراہم کرے گا۔ چنانچہ بعد کی آیتوں میں اللہ تعالیٰ نے جو خصوصی معاملہ ان کے ساتھ فرمایا ہے اس کا ذکر ہے۔ وہ شہر سے ہجرت کر کے غار میں چلے گئے۔ وہاں پہنچنے کے بعد ان کے اوپر اس پر خطر ماحول میں بشری تقاضوں کے مطابق خوف و ہراس طاری تھا کہ اگر قوم کو ہمارا علم ہو گیا تو دینِ حق سے پھیرنے کے لیے انہیں جو کچھ کر گزرنا ہوگا کر گزریں گے، اس لیے اللہ تعالیٰ نے اپنے صالح نوجوانوں پر گہری نیند طاری فرما دی، جسے نہ نیند کہئے نہ بیداری بلکہ وہ ایک مخصوص معاملہ تھا جو ان نیک بندوں کے ساتھ ربِ رحیم نے فرمایا تھا۔
ان کے اپنے شہر سے (جو دارالحکومت بھی تھا) نکلنے کے بعد مشرکانہ اقتدار غضبِ الٰہی کا شکار ہو گیا اور اس کی جگہ ربِ دو عالم نے ایک دوسری قوم کو اٹھایا۔ ایک طویل مدت گزر جانے کے بعد وہ نوجوان دفعتاً بیدار ہوئے ہیں اور بھوک محسوس کی، تو اپنے ہی لوگوں میں سے ایک ہوشیار آدمی کو مشرکانہ اقتدار کا سکہ دے کر کھانا لانے کے لیے شہر بھیجا اور اسے ہدایت کر دی کہ حلال روزی اور حلال کھانا لانا اور بڑی ہوشیاری سے یہ کام کرنا، کسی کو پتہ نہ چلے، اگر ان ناہنجار لوگوں کو ہمارا سراغ مل گیا تو ہمیں آبائی دین میں شامل کرنے کے لیے یا جادۂ حق سے منحرف کرنے کی کوشش کریں گے، اور اگر ہم نے ان کے باطل دین کو قبول کرنے سے انکار کر دیا تو پھر ہمیں سنگسار کر دیں گے، اور کہیں ہم نے ان کے دباؤ میں آ کر ان کے مشرکانہ عقائد کو تسلیم کر لیا تو خدا کی ہدایت و توفیق اور رحمت سے ہمیشہ کے لیے محروم ہو جائیں گے۔ بھائیو! ذرا ان کا عزمِ محکم تو دیکھیے! انہیں کس چیز کی فکر ہے؟ اس کی فکر نہیں ہے کہ ہم ہلاک کر دیے جائیں گے، بلکہ جس چیز کی اصل فکر لاحق ہے وہ یہ کہ اگر ہم نے ان کے دینِ باطل کو ظلم و ستم، جبر و تشدد سے بچنے کے لیے قبول کر لیا تو پھر فلاح یعنی پائیدار کامیابی اور فائز المرامي سے محروم ہو جائیں گے، کیونکہ جو لوگ کسی دباؤ میں آ کر حق پانے کے باوجود حق کو چھوڑ دیں تو ان پر ہدایت و رحمت کا دروازہ دنیا و آخرت میں بند ہو جاتا ہے اور وہ مکمل خسران سے دوچار ہوتے ہیں۔
عزیز نوجوان دوستو! آپ تو نوجوان اور جوان ہیں وہ بھی آپ ہی کے طبقے کے نوجوان تھے، خدا کا شکر ہے کہ وہ بھی الٰہِ واحد کے گن گانے والے تھے اور آپ بھی، آپ بھی اسی راہ کے راہی ہیں۔ اسی عزم و ارادے کی دیر ہے تیار ہوئیے، ان کہفی نوجوانوں سے عبرت و نصیحت حاصل کیجیے۔ اور ملّتِ اسلامیہ کی توقعات جو آپ سے وابستہ ہیں پوری کرنے کے لیے وہ کچھ کیجیے جو تاریخ ساز طبقہ نوعِ انسانی کی تاریخ میں کرتا رہا ہے۔
وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين۔
ٹائپ و ڈیجیٹائزیشن: عبدالرحيم خان (ممبئی)