مرکزی مواد پر جائیں (Skip to main content)
ماہنامہ حیاتِ نوانجمن طلبہ قدیم جامعۃالفلاح کا ترجمان

ہماری ذلت و نکبت کا اصل سبب

عن ثوبانؓ حدیثِ نبویؐ کی روشنی میں مسلمانوں کے زوال، حبِ دنیا، کراہیتِ موت اور فکری و عملی اصلاح کا بصیرت افروز تجزیہ

م
مولانا جلیل احسن ندویؒ
شیخ التفسیر، جامعۃ الفلاح، بلریاگنج، اعظم گڑھ
حجمِ خط:100%
رسم الخط:
خلاصۂ مقالہ:حضرت ثوبانؓ سے مروی مشہور حدیثِ نبویؐ (یوشک الامم...) کی روشنی میں مولانا جلیل احسن ندویؒ کا فکر انگیز تفسیری و دعوتی مقالہ، جس میں مسلمانوں پر عالمی اقوام کے ٹوٹ پڑنے، کثرتِ تعداد کے باوجود جھاگ کی طرح بے وزن ہونے، حبِ دنیا اور کراہیتِ موت کے امراض، اور غلبۂ اسلام کے لیے صحابۂ کرامؓ والے ایثار و قربانی کے جذبے کو اپنانے کی دعوت دی گئی ہے۔

حدیثِ مبارکہ و ترجمہ

عَنْ ثَوْبَانَ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُوشِكُ الأُمَمُ أَنْ تَدَاعَى عَلَيْكُمْ كَمَا تَدَاعَى الأَكَلَةُ إِلَى قَصْعَتِهَا. فَقَالَ قَائِلٌ: وَمِنْ قِلَّةٍ نَحْنُ يَوْمَئِذٍ؟ قَالَ: بَلْ أَنْتُمْ يَوْمَئِذٍ كَثِيرٌ، وَلَكِنَّكُمْ غُثَاءٌ كَغُثَاءِ السَّيْلِ، وَلَيَنْزِعَنَّ اللهُ مِنْ صُدُورِ عَدُوِّكُمُ المَهَابَةَ مِنْكُمْ، وَلَيَقْذِفَنَّ اللهُ فِي قُلُوبِكُمُ الوَهْنَ. فَقَالَ قَائِلٌ: يَا رَسُولَ اللهِ! وَمَا الوَهْنُ؟ قَالَ: «حُبُّ الدُّنْيَا وَكَرَاهِيَةُ المَوْتِ».
(مشکوۃ المصابیح)

ترجمہ:
حضرت ثوبان ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: ارشاد فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ تم مسلمانوں پر عنقریب وہ زمانہ آنے والا ہے جب تم کو نگل جانے اور فنا کر دینے کے لیے دنیا کی قومیں تم پر اس طرح ٹوٹ پڑیں گی جس طرح کھانے والے دسترخوان پر گرتے ہیں۔ صحابہ ؓ میں سے کسی نے پوچھا: کیا اس زمانے میں ہم مسلمان کم تعداد میں ہوں گے؟ آپ نے فرمایا: نہیں، بلکہ اس زمانے میں تم مسلمان بڑی تعداد میں ہوگے، لیکن تم سیلاب کے جھاگ کی طرح ہو جاؤ گے، اور تمہارے دشمنوں کے سینوں میں جو تمہاری دھاک بیٹھی ہے اسے اللہ تعالیٰ کھینچ لے گا اور تمہارے دلوں میں کمزوری اور پست ہمتی پیدا کر دے گا۔ اس پر کسی نے سوال کیا: یہ کمزوری اور پست ہمتی کیوں آ جائے گی؟ آپ نے فرمایا: اس کا سبب یہ ہوگا کہ اس زمانے کے مسلمان حبِ دنیا کے مرض میں مبتلا ہو جائیں گے اور خدا کی راہ میں مرنا ناپسندیدہ بن جائے گا۔

حدیثِ پاک کا فکری و دعوتی پس منظر

یہ حدیث بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے اور خصوصیت سے اس دور کے مسلمانوں کو ٹھہر کر سوچنے اور غور کرنے کی دعوت دیتی ہے۔ آپؐ نے یہ حدیث صحابہ کرام ؓ کے مجمع میں ارشاد فرمائی اور اس زمانے میں ارشاد فرمائی جب عرب میں کفر و جاہلیت کا چراغ گل ہو چکا تھا اور اسلام کی روشنی پوری طور پر ہر جگہ، ہر گھر اور ہر دل کو منور کیے ہوئے تھی، دین غالب ہو چکا تھا اور اہلِ دین اپنی قربانیوں سے زیادہ اس دنیا میں صلہ پا چکے تھے اور جو کچھ انہیں آخرت میں ملنا ہے اس کی خوشخبری سن چکے تھے۔ اور یہ حدیث آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس غرض سے بیان فرمائی کہ بعد میں آنے والے مسلمان اس خطرے سے ہوشیار ہو جائیں جن سے وہ دوچار ہو سکتے ہیں۔

یہاں پر تھوڑی دیر رک کر ذرا اپنے ماضی پر نظر ڈالیے، سوچیے کہ دورِ اول کے مسلمان اپنی قلتِ تعداد اور وسائل کے فقدان کے باوجود کیوں خدا کی رحمت اور مدد کے مستحق ہوئے؟ کس وجہ سے اللہ نے انہیں عزت و اقتدار کا وارث بنایا؟ اور کیوں ایسا ہوا کہ جو لوگ عزت و اقتدار کے مالک تھے اور ہر طرح کے وسائل و ذرائع رکھتے تھے، ان لوگوں کے حصے میں کیوں ذلت و نامرادی آئی؟ یہ دنیا اندھیر نگری نہیں ہے، ظاہر ہے کوئی بات ہوگی جس کی وجہ سے دبائے جانے والے، پیسے جانے والے اقتدار کی مسند پر پہنچے اور اقتدار والے سرنگوں اور سربہ خاک ہوئے۔

مسلمانوں کے عروج و زوال کا اصل راز

اس کی وجہ خود اوپر کی حدیث میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرما دی ہے، جس کی مختصر تفصیل یہ ہے کہ جب اللہ تعالیٰ نے آپؐ کو پیغمبر بنایا اور دعوت الی اللہ کی ذمہ داری آپ پر ڈالی اور آپ نے اپنا کام پیغمبرانہ جوش و انہماک کے ساتھ شروع کیا تو آہستہ آہستہ لوگ آپ پر ایمان لانے لگے، اور جو لوگ ایمان لاتے وہ اس بات پر ایمان لاتے کہ اب خالقِ کائنات کے سوا کسی اور کی بندگی اور غلامی نہیں کرنی ہے اور اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ خدا کی بندگی اور غلامی کے راہ میں صرف حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو قائد اور رہنما بنانا ہے۔ اسی عہد کا وہ اقرار و اعلان ان الفاظ میں کرتے ہیں:

أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ، وَأَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللهِ
(میں شہادت دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی الٰہ نہیں اور میں شہادت دیتا ہوں کہ محمد اللہ کے رسول ہیں)

اور تیسری چیز جس پر وہ ایمان لاتے وہ آخرت ہے، یعنی وہ اس حقیقت کو اپنے دماغ و دل میں اتارتے کہ یہ دنیا کمائی کرنے کی جگہ ہے اور اصل وطن آخرت ہے؛ یہ دنیا گھر نہیں ہے، اصلی گھر یہاں سے دور اور آنکھوں سے اوجھل ہے، یہاں آدمی جیسی کچھ کمائی کرے گا وہی عالمِ آخرت میں پائے گا۔ یہ تین بنیادی باتیں تھیں جن پر وہ ایمان لائے تھے، تاریخ گواہ ہے جس دن سے وہ ایمان لائے، اس کے تقاضے پورے کرتے رہے۔ انہوں نے کبھی عہد کو نہیں توڑا، کبھی غداری اور خیانت نہیں کی، مکہ کی تیرہ سالہ زندگی میں ظلم و ستم کی بارش ہوتی رہی، مصائب کے طوفان آتے رہے، لیکن اپنے عقیدے پر آنچ نہیں آنے دی اور جن اصولوں پر اپنی زندگی کی عمارت اٹھائی تھی انہیں متزلزل نہیں ہونے دیا۔ یہاں تک کہ آخر میں ان کے سامنے یہ فیصلہ کن موڑ آیا کہ یا تو ہجرت یا اسلام، یا تو یہ علاقہ چھوڑو، اپنا وطن چھوڑو، اپنا زندگی بھر کا اثاثہ چھوڑو، یا پھر اپنے ایمان و اسلام سے دست کش ہو جاؤ؛ لیکن انہوں نے کہا ہم سب کچھ قربان کر سکتے ہیں، ایمان و اسلام کی قربانی نہیں دے سکتے۔ پھر تاریخ ان کے سامنے ایک دوسرا موڑ لے آئی کہ ہم تم کو اور تمہارے دین کو تلوار کے زور سے فنا کر دیں گے۔

انہوں نے کہا ہم جیتے جی ایسا نہ ہونے دیں گے، یا تو ہم جان دے دیں گے، یا تمہاری جانیں لے لیں گے، جب تک ہمارے جسموں میں جان باقی ہے، اس وقت تک اسلام کے حلقوم تک تمہاری تلواروں کو ہم نہیں پہنچنے دیں گے۔ یہ جانی و مالی قربانیوں کا دور نو دس سال تک ممتد رہا، لیکن انہوں نے کسی قربانی سے جی نہیں چرایا، نہ منہ چھپایا؛ جب وہ عہدِ بندگی کے ہر امتحان میں کامیاب ہوئے تو اللہ کی مدد آخری طور پر آئی اور کفر و جاہلیت کا زور ٹوٹ گیا، ان کے لیے ربِ کائنات کی عدالت سے حیات (زندگی) کا اور ان کے مخالفین کے لیے موت کا فیصلہ ہوا۔

حبِ آخرت بمقابلہ حبِ دنیا

یہاں پر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ وہ کیا چیز تھی جس کی وجہ سے اتنے شدید زلزلوں میں بھی وہ اپنی جگہ سے نہیں ہلے؟ کس نے انہیں ٹھوس اور نہ ہلنے والا پہاڑ بنائے رکھا؟ اس کا جواب یہ ہے کہ وہ حبِ آخرت سے سرشار تھے، یہ حقیقت ان کے دل میں اتر گئی تھی کہ یہ دنیا پردیس ہے، ہمارا دیس تو کہیں اور ہے، ہم یہاں کمائی کرنے کے لیے آئے ہیں۔ اور جب تک وہ اس پردیس میں رہے دیس بھولا نہیں، برابر اس کی یاد آتی رہی، حبِ وطن کی آگ برابر ان کے سینے میں دہکتی رہی۔ وہ جانتے تھے کہ یہ زندگی چند روزہ ہے، اس کے بعد اصلی وطن کو لوٹنا ہے، مالک کے حضور جانا ہے، اسے منہ دکھانا ہے اور کمائی اس کے سامنے رکھنی ہے، اگر نہ کمائیں گے یا کمائیں گے تو کٹ کر پتھر اور سانپ بچھو اپنی جھولی میں بھر کر لے جائیں گے، تو مالک کو کیسے منہ دکھائیں گے اور کیا جواب دیں گے۔ یہ ہے جس کی فکر انہیں زندگی بھر رہی، اس لیے انہوں نے ہر مصیبت کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کیا، ہر تکلیف کو جھیل لے گئے اور ان کے ایمان و اسلام نے ان سے جس قربانی کا مطالبہ کیا اسے تمام و کمال پورا کیا۔ یہاں تک کہ جان جیسی پیاری اور قیمتی چیزوں کی قربانی ان کی سب سے بڑی آرزو بن گئی۔

إِنَّا أَخْلَصْنَاهُم بِخَالِصَةٍ ذِكْرَى الدَّارِ
(ہم نے ان کو نکھارا ایک خلوص والی چیز کے ذریعے یعنی گھر آخرت کی یاد کے ذریعے)

اور فرمایا:

الَّذِينَ يَظُنُّونَ أَنَّهُمْ مُلَاقُو رَبِّهِمْ وَأَنَّهُمْ إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
(یہ وہ لوگ ہیں جو اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ انہیں اپنے رب سے ملنا ہے اور اسی کے پاس لوٹ کر جانا ہے)

غرض جب انہوں نے سب کچھ اللہ کے لیے کھویا، تب اللہ نے انہیں اس سے زیادہ اس دنیا میں دیا جتنا انہوں نے کھویا تھا۔ زمین کی وراثت انہیں بخشی گئی اور وہ عروج انہیں نصیب ہوا جس کا وہ تصور تک نہیں کرتے تھے۔

موجودہ مسلمانوں کی حالت اور نصرتِ الٰہی کی شرط

اوپر کی تفصیل سے یہ حقیقت واضح طور پر سامنے آئی کہ دورِ اول کے مسلمانوں کے عروج و اقبال کا راز کیا ہے؟ اور اس سوال کا جواب بھی ملا کہ موجودہ دور کے مسلمانوں کے حصے میں پستی و نکبت کیوں آئی ہے؟ ان کے پیشوا، عہدِ نبوت اور عہدِ خلافت کے مسلمان، آخرت کی محبت سے سرشار تھے اور ہم لوگ عشقِ دنیا کے مارے ہوئے لوگ ہیں؛ وہ خدا کی راہ میں جان تک کی قربانی پیش کرنے کے لیے بیتاب تمنا رکھتے تھے، اور ہمارے نزدیک خدا کے لیے، خدا کے دین کے لیے قربانی پیش کرنا مکروہ، ناپسندیدہ اور ناگوارِ خاطر! پھر خدا اپنی رحمت و نصرت سے کیوں نوازے اور برکتوں کے دروازے کیوں کھولے؟ اس کی تائید و نصرت ہمیں اس وقت مل سکتی ہے جب ہم عشقِ ایمانی اور حبِ آخرت سے سرشار، اسی کے دین کی سربلندی کے لیے اٹھ کھڑے ہوں گے:

إِنْ تَنْصُرُوا اللَّهَ يَنْصُرْكُمْ وَيُثَبِّتْ أَقْدَامَكُمْ
(اگر تم اللہ کی مدد کرو گے تو اللہ تمہاری مدد کرے گا اور تمہارے قدم جمائے رکھے گا)

یہاں یک طرفہ معاہدہ نہیں ہے، جب تم اللہ کے مددگار بن کر اٹھو گے تب اللہ کی مدد تم کو ملے گی اور پھر تمہارے قدم اکھاڑے نہ جا سکیں گے۔


ٹائپ و ڈیجیٹائزیشن: محمد شارق (ٹکریا / ممبئی)

م

مولانا جلیل احسن ندویؒ

(مایہ ناز مفسر، محدث اور ادیب / جامعۃ الفلاح)

مایہ ناز مفسر و محدث، ادیب اور مفکر (1913ء–1981ء)۔ تفسیر و حدیث، عربی زبان و ادب اور قرآنی مباحث میں بلند پایہ مقام کے حامل تھے۔ فکرِ فراہی اور جامعۃ الفلاح کی فکری روایت کے اکابر میں شمار ہوتے ہیں۔

مصنف کے تمام مضامین دیکھیں ←
انوارِ حدیث
5 منٹ مطالعہ

دعوت اور عمل میں مطابقت

مسندِ احمد اور روایاتِ صحابہؓ کی روشنی میں داعیِ دین کے قول و فعل کے تطابق، خانگی تربیت اور اصلاحِ نفس کی اہمیت

حضرت عبداللہ بن مسعودؓ اور حضرت عبداللہ بن عباسؓ کے ایمان افروز واقعات اور احادیثِ نبوی کی روشنی میں مولانا جلیل احسن ندویؒ کا درسِ حدیث، جس میں داعیِ دین کے لیے قول و عمل کی مطابقت، گھر والوں کی تربیت اور اصلاحِ نفس کی اولیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔

انوارِ قرآن / ہدایاتِ ربانی
7 منٹ مطالعہ

دعوت کا شاندار انجام

سورۃ القصص (آیات ۸۵ تا ۸۸) کی روشنی میں مکی دور کی کشمکش، مومنین کی نصرت، اور دعوتِ حق کا حتمی و شاندار انجام

سورۃ القصص کی آخری آیات (۸۵ تا ۸۸) کی روشنی میں مولانا جلیل احسن ندویؒ کا بصیرت افروز درس، جس میں مکی دور کی شدید ترین آزمائشوں، دار الندوہ کی سازشوں، حضرت موسیٰ و فرعون کی کشمکش کے اسباق، لفظ 'معاد' کے تفسیری مفاہیم اور باطل قوتوں کے سامنے توحید پر استقامت و شاندار انجام کا بیان ہے۔

ہدایاتِ ربانی
8 منٹ مطالعہ

خدمتِ خلق

سورۃ البلد، سورۃ اللیل اور سورۃ الدہر کی روشنی میں انفاقِ مال، فقر و احتیاج کی دادرسی اور اسلامی خدمتِ خلق کا فکری تصور

سورۃ البلد (آیات ۸ تا ۱۶)، سورۃ اللیل (آیات ۱۷ تا ۲۱) اور سورۃ الدہر (آیات ۷ تا ۱۱) کی روشنی میں مولانا جلیل احسن ندویؒ کا فکر انگیز تفسیری و دعوتی مقالہ، جس میں انسانی ناتوانی، عقبیٰ کی دشوار گزار گھاٹی، غلامی کے بندھن کاٹنے، قحط اور فقر کے مارے ہوئے مسکینوں، یتیموں اور قیدیوں کو کھانا کھلانے اور اسلامی فلاحی معاشرے کے بنیادی اصولوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔