(خصوصی ویڈیو)
(ترتیب و پیشکش عمار جاوید خان )
سعودی عرب کی جامعات میں داخلے کے خواہش مند طلبہ کے لیے گزشتہ چند برسوں میں طریقۂ کار میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ پہلے طلبہ کو ہر یونیورسٹی میں الگ الگ درخواستیں ارسال کرنی ہوتی تھیں، لیکن اب سعودی وزارتِ تعلیم نے Study in KSA کے نام سے ایک مرکزی پورٹل متعارف کرایا ہے، جہاں سے طلبہ مختلف جامعات میں داخلے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس پورٹل پر اکاؤنٹ بنانے کے بعد مطلوبہ معلومات درج کی جاتی ہیں اور امیدوار اپنی ترجیح کے مطابق جامعات کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
اسلامی علوم کے طلبہ کے لیے سعودی جامعات کو ایک خاص مقام حاصل ہے۔ مختلف تخصصات کے اعتبار سے:
قرآنیات کے لیے کنگ سعود یونیورسٹی نمایاں حیثیت رکھتی ہے۔
علومِ حدیث کے لیے اسلامی یونیورسٹی مدینہ منورہ معروف ہے۔
فقہ، اصولِ فقہ اور مقاصدِ شریعت کے لیے امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی اہم مرکز ہے۔
عربی ادب کے لیے ام القریٰ یونیورسٹی کو خاص مقام حاصل ہے۔
سعودی جامعات بالخصوص اسلامی علوم کے میدان میں اپنی ایک تاریخی شناخت رکھتی ہیں۔ تاہم عصری علوم (میڈیکل، انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس وغیرہ) کے لیے طلبہ کو دیگر ممالک اور جامعات کے مواقع کو بھی پیشِ نظر رکھنا چاہیے، کیونکہ ان شعبوں میں غیر ملکی طلبہ کے لیے داخلے کے امکانات اور سہولتیں مختلف ہو سکتی ہیں۔
طلبہ کو یہ بات بھی ملحوظ رکھنی چاہیے کہ موجودہ دور میں اسکالرشپ، رہائش (Accommodation) اور فیس کے نظام میں تبدیلیاں آئی ہیں۔ اس لیے درخواست دینے سے قبل متعلقہ یونیورسٹی کی موجودہ پالیسی، فیس اسٹرکچر، رہائش اور دیگر سہولتوں کی مکمل معلومات حاصل کرنا ضروری ہے۔
اسی طرح Study in KSA پورٹل پر درخواست دینے کا ایک مخصوص وقت مقرر ہوتا ہے، اس لیے طلبہ کو داخلے کی تاریخوں پر نظر رکھتے ہوئے مقررہ مدت کے اندر درخواست مکمل کرنی چاہیے۔
ویڈیو میں پیش کی گئی گفتگو کا یہ مختصر خلاصہ ہے۔ مزید تفصیلی معلومات اور عملی رہنمائی کے لیے قارئین صفحہ نمبر 105 پر دیے گئے QR Code کو اسکین کرکے مکمل ویڈیو سے استفادہ کر سکتے ہیں۔
[1] برادر عمار جاوید خان ، جامعۃ الفلاح کے فارغ التحصیل اور امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی، ریاض کے ہائر انسٹی ٹیوٹ آف جوڈیشری (Higher Institute of Judiciary) میں ریسرچ اسکالر ہیں۔ عرب جامعات، خصوصاً سعودی عرب میں داخلے کے طریقہء کار اور طلبہ کے مواقع سے متعلق ان کی یہ ویڈیو مفید رہنمائی پیش کرتی ہے۔