سفاری براؤزر کے نیچے موجود شیئر (Share) آئیکن پر ٹیپ کریں۔
اختیارات میں نیچے اسکرول کر کے Add to Home Screen (ہوم اسکرین میں شامل کریں) منتخب کریں۔
اوپر دائیں کونے میں Add پر کلک کریں۔ حیاتِ نو کی ایپ ہوم اسکرین پر شامل ہو جائے گی!
سفاری براؤزر کے نیچے موجود شیئر (Share) آئیکن پر ٹیپ کریں۔
اختیارات میں نیچے اسکرول کر کے Add to Home Screen (ہوم اسکرین میں شامل کریں) منتخب کریں۔
اوپر دائیں کونے میں Add پر کلک کریں۔ حیاتِ نو کی ایپ ہوم اسکرین پر شامل ہو جائے گی!
ماہنامہ حیاتِ نو کی آفیشل ویب ایپ مکمل محفوظ اور مصدقہ ہے۔ بعض براؤزرز (جیسے Samsung Internet) میں انسٹال کرتے وقت گوگل پلے پروٹیکٹ کی احتیاطی وارننگ آ سکتی ہے۔
گوگل کروم میں یہ ایپ بغیر کسی وارننگ کے ایک ہی کلک میں انسٹال ہو جاتی ہے۔
Google Chrome میں کھولیںہم مشرقیوں کی یہ افسوس ناک روایت رہی ہے کہ ہم زندہ اشخاص کی قدر کرنے کے بجائے مرحومین کی قبروں پر فاتحہ خوانی، ان کی شخصیت، سیرت و کردار اور فکر و نظر کو اجاگر اور نمایاں کرتے ہیں۔ تحریکِ اسلامی کے یہاں تو زندہ شخصیتوں کی قدر افزائی کے معاملے میں اور بھی زیادہ بے پروائی اور غفلت کا ثبوت دیا جا رہا ہے، حالانکہ اگر ان زندہ شخصیتوں کو اعتدال و توازن کے ساتھ اجاگر کیا جائے تو اس کارواں کے بہت سے درماندہ راہ رو اپنے لیے جیتی جاگتی مثالیں اپنے سامنے رکھ سکتے ہیں۔ یہی وہ احساس تھا جس نے مجھے تحریک کے ایک قدیم کارکن، ایک بہترین عربی ادیب، مولانا اختر احسن اصلاحیؒ کے ممتاز خوشہ چیں مفسر مولانا جلیل احسن ندوی مدظلہ العالی سے انٹرویو لینے پر آمادہ کیا۔
میں نے سوچا کہ اس طرح مولانا کی ہمہ گیر شخصیت کے کچھ پوشیدہ گوشے اجاگر ہوں گے اور بہت سی مفید معلومات سامنے آئیں گی۔ چنانچہ میں نے اس ارادے کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کا ارادہ کر لیا۔
میرے خیالات کی رو ابھری اور میں نے ایک مختصر سوال نامہ مرتب کر ڈالا، کیونکہ مجھے معلوم ہے کہ مولانا اسے بھی اپنے لیے بارِ گراں سمجھیں گے۔ اپنی بیماریوں اور کمزوریوں کو پیش کریں گے۔ پیہم اصرار کا سامنا کرنا ہوگا۔
سوال نامہ مرتب کرتے وقت مجھے کافی دقت کا سامنا کرنا پڑا، کیونکہ مولانا محترم کی شخصیت مختلف حیثیتوں کے تحت گھومتی ہے۔ ایک عربی طالب علم کی حیثیت سے، دینی درسگاہ کے مدرس کی حیثیت سے، دوسری طرف ایک بلند پایہ عالمِ قرآن کی حیثیت سے، ایک اچھے حدیث داں اور مترجم کی حیثیت سے، پھر سب سے بڑھ کر دنیا کی سب سے عظیم اور انقلابی تحریک کے کارکن کی حیثیت سے۔ یہ تمام حیثیتیں مولانا کو گھیرے ہوئے ہیں۔
لہٰذا میں نے سوچا کہ ان تمام حیثیتوں پر مفصل گفتگو تو ناممکن رہے گی۔ البتہ بالاختصار مولانا کی زندگی کے اہم گوشوں کو اجاگر کرانے کی کوشش کروں گا۔
حسبِ وعدہ میں مولانا کے کمرے میں حاضر ہوا۔ مولانا کے کمرے میں داخل ہوتے ہی ایک طرح کی خاموشی چھا جاتی ہے۔ علمی ماحول پیدا ہو جاتا ہے۔ کمرے کے بائیں جانب کتابوں کی الماریاں ہیں، جن میں ضخیم، قیمتی اور مفید کتابیں قرینے سے سجی ہوئی ہیں۔ کمرے کے بیچ میں وه چارپائی بچھی ہوئی ہے، جس پر مولانا آرام فرماتے ہیں، مطالعہ کرتے ہیں۔ ملاقاتی پہلے ہی لمحہ اس حقیقت کا اندازہ لگا لیتا ہے، جس پر روزانہ کی ڈاک سے آئے ہوئے رسالے، اخبارات و دیگر مفید کتابیں رکھی ہوئی ہیں۔
مولانا میری آمد کا مقصد سمجھ چکے تھے۔ میں اطمینان سے بیٹھا۔ انہیں کی اجازت پر میں نے سوال کیا۔
ابتدائی زندگی کے دلچسپ اور سبق آموز واقعات۔ تعلیم و تربیت کے مراحل بالخصوص قرآن سے آپ کی رغبت اور اس کے اسباب؟
مولانا محترم نے میرے سوال کو غور سے سنا، کچھ دیر خاموشی کے بعد اپنی زندگی کا پہلا اور سب سے اہم ورق الٹا۔
میری ابتدائی زندگی کے دلچسپ اور سبق آموز واقعات میں سب سے پہلا واقعہ یوں ہے۔ میں یہیں بلریاگنج میں مڈل اسکول میں پڑھتا تھا۔ یہاں سنیچر کی دوپہر کو چھٹی ہو جاتی تھی۔ ایک دن کا واقعہ ہے کہ سنیچر کی دوپہر کو چھٹی ہوئی تو میں اکیلا اپنے گاؤں جانے لگا۔ بلریاگنج چوک سے آگے ایک پختہ بڑا کنواں اور اس کے قریب آموں کا ایک چھوٹا سا باغ تھا۔ اب نہ تو وہ باغ ہے اور نہ وہ کنواں۔
میں جب اس کنویں کے محاذ میں پہنچا تو کیا دیکھتا ہوں کہ گرمی کی اس تیز اور چلچلاتی دھوپ میں ایک آدمی کنویں کی جگت پر اکڑوں بیٹھا ہوا ہے۔ میں اکیلا اور آس پاس کوئی آدمی نہیں۔ اس آدمی نے اشارے سے مجھے اپنی طرف بلایا۔ میں ڈرا کہ یہ يا تو مجھے کنویں میں ڈال دے گا یا قتل کر دے گا۔ بہرحال ڈرتے ڈرتے اس کی طرف بڑھا۔
جب کنویں کے قریب پہنچا تو اس نے جلتی ہوئی جگت پر اپنا بڑا سا گمچھا بچھا دیا اور اشارے سے بیٹھنے کو کہا۔ اب میری جان میں جان آئی۔
جب میں اس کے قریب بیٹھ چکا تو اس نے دیہاتی زبان میں پوچھا، بیٹے! تمہارے اس تھیلے میں کیا ہے؟ میں نے کہا کتابیں ہیں۔ پھر پوچھا کہاں پڑھتے ہو؟ میں نے اپنے ہاتھ سے مڈل اسکول کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہاں پڑھتا ہوں۔ (اس وقت مڈل اسکول کی عمارت آبادی نہ ہونے کی وجہ سے صاف دکھائی دیتی تھی)
اتنا سننا تھا کہ اس کے چہرے پر ناگواری کے اثرات ظاہر ہونے لگے۔ اس نے کچھ دیر توقف کیا، پھر دیہاتی زبان میں کہنا شروع کیا، یہ پڑھائی کس کام کی؟ اس سے کیا فائدہ؟ بیٹے تو وہ پڑھائی کرو جس کے قرآن کے معانی و مطالب سمجھ میں آ سکتے ہوں۔
دیہاتی کی یہ مؤثر اور درد بھری بات میرے دل میں گھر کر گئی اور مجھے ایسا لگا جیسے کوئی بہت بڑی دولت مل گئی ہو۔ میں نے بے چینی کے ساتھ پوچھا کہ وہ کون سی پڑھائی ہے جس سے قرآن مجید کو سمجھا جا سکتا ہے؟
اس نے براہِ راست جواب دینے کے بجائے یہ کہا کہ تم یہاں سے ٹانڈه چلے جاؤ۔ وہاں جا کر پہلے قرآن شریف حفظ کرو۔ اس کے بعد فارسی پڑھنا، پھر اس کے بعد عربی سیکھنے کا نمبر آئے گا۔ جب عربی پڑھوگے تو قرآن شریف کا مطلب سمجھ پاؤگے۔
یہ کہہ کر دیہاتی نے مجھے دعا دی اور رخصت کیا۔ دیہاتی سے رخصت ہو کر میں گھر پہنچا۔ گھر پر دن رات بے چینی کا عجب عالم رہا۔ ہر وقت یہی سوچتا رہتا کہ کس طرح ٹانڈا پہنچوں، کس سے معلومات حاصل کروں اور کس سے مدد لوں۔
پیر کے دن اسکول واپس آیا تو بھی بے چینی کی یہی کیفیت طاری رہی۔ میں تمام ساتھیوں سے الگ الگ رہتا، ہر وقت خاموش خاموش رہتا اور طرح طرح کے پروگرام بناتا۔ اب نہ وہ خوشی، خوش گپیاں تھیں اور نہ ہی پڑھنے میں دل لگتا تھا۔ ساتھی پوچھتے تو انہیں کیا بتاتا؟
آخر کار ایک دن یہ تمنا بر آئی اور ٹانڈے کے سفر پر روانہ ہو گیا۔ گھر کی معاشی حالت بہت خراب تھی۔ والد صاحب کا انتقال ہو چکا تھا۔ میں نے حسبِ پروگرام پہلے قرآن شریف حفظ کرنا شروع کیا۔ رات دن محنت کرتا۔ یہ میری مسلسل محنت ہی کا نتیجہ تھا کہ میں نے ایک سال میں بیس پارے یاد کیے اور پندرہ مہینے میں پورا قرآن یاد کر ڈالا۔
اس کے بعد فارسی کا سلسلہ چلا اور اپنی مجنونانہ محنت سے تین سال کی فارسی ایک سال میں پڑھ ڈالی۔ اس کے بعد عربی کا نمبر آیا۔ میں نے جس دن عربی شروع کی، وہ دن میری زندگی کا سب سے زیادہ پرمسرت و پرکیف دن تھا۔ میں خوشی سے پھولا نہ سماتا تھا۔
اس طرح میں عربی پڑھنے لگا لیکن درجے کے ساتھی خوشحال گھرانے سے تعلق رکھتے تھے۔ اس لیے وہ پڑھائی کی طرف بے توجہی برتتے۔ ہر وقت کھیل میں مصروف رہتے جو کام دیا جاتا اس کو نہ کرتے۔ کوئی چیز یاد کرنے کے لیے دی جاتی تو یاد نہ کرتے۔ پڑھائی کی رفتار بہت سست اور مایوس کن تھی۔ میں اس حالت سے بہت پریشان رہتا۔
ایک دن میں نے اپنے استاد سے رو رو کر یہ کہا سبق بہت کم ہو پاتا ہے۔ یہ کھلاڑی लोग ہیں۔ میں پڑھنے کے خاطر تمام مشقتیں جھیل کر اپنا وطن چھوڑ کر آیا ہوں۔ میں ان کے ساتھ کس طرح چل سکوں گا؟
استاد محترم نے میرے اس شدتِ شوق کو دیکھ کر مجھے خالی اوقات میں پڑھانا شروع کر دیا۔ اب میں اور زیادہ محنت کرنے لگا لیکن اس کے بعد تعلیم کی رفتار بتدریج کم ہوتی چلی گئی۔
مولانا کے اس جملے کو سن کر میں حیرت و استعجاب کے عالم میں مولانا کو دیکھنے لگا۔ قبل اس کے کہ میں کچھ کہوں، مولانا میری حیرت کو بھانپ چکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کی رفتار میں کمی کی وجہ دراصل معاشی تنگی اور حد سے زیادہ محنت تھی۔ میری صحت پر اس محنت کا بہت برا اثر پڑا تھا۔
مولانا اپنی زندگی کا ایک اہم ورق الٹ چکے تھے۔ میں کامل توجہ اور انہماک کے ساتھ مولانا کی گفتگو کو سن رہا تھا۔ مولانا خاموش ہو چکے تھے۔ میری پیاس اور بڑھی اور میں نے اسی واقعے کے متعلق سوال کیا۔
مولانا! آپ کا یہ محسن، جس نے آپ کی زندگی میں ایک عظیم انقلاب برپا کیا ہے، کون ہے؟
مولانا نے میرے اس سوال پر انتہائی چونکا دینے والا جواب دیا۔ میری زندگی کا اتنا عرصہ بیت چکا ہے، میں ہمیشہ اس کی تلاش میں رہا، لیکن میں اسے پانے میں ناکام رہا۔ میرا محسن، جس سے زیادہ پُراثر اور درد انگیز بات میں نے آج تک نہیں سنی۔ نہ جانے کون ہے، کہاں رہتا ہے، کیا کرتا ہے۔
اس سلسلے میں مجھے ایک واقعہ یاد آتا ہے۔ وہ یہ کہ مدرسۃ الاصلاح کے دورانِ قیام جب میں درس و تدریس کی ذمہ داریوں کو انجام دے رہا تھا۔ مجھے ایک آدمی اسی شکل کا آتا دکھائی دیا۔ میں اس کو دیکھ کر تیزی سے اس کی طرف لپکا، لیکن قریب پہنچنے اور تحقیق کرنے سے معلوم ہوا کہ میرا گمان غلط تھا۔ یہ صاحب مولانا اختر احسن صاحب تھے۔
میں اب بھی جب بلریاگنج کے شمال میں جاتا ہوں تو اس باغ اور کنویں کے مقام پر کچھ دیر کھڑا ہو جاتا ہوں اور چاروں طرف اس طور سے نگاہ ڈالتا ہوں، پھر میں کسی کو تلاش کر رہا ہوتا ہوں۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں میری زندگی کا سب سے عظیم انقلاب آیا۔ میرا خیال ہے شاید وہ کوئی فرشتۂ خداوندی تھا، جو مجھے صحیح راہ دکھانے آیا تھا۔
میرے نزدیک اور دیگر محققین کے نزدیک ملائکہ کی ایک ایسی جماعت خداوند قدوس نے مقرر کر دی ہے، جو دنیا کے بھولے بھٹکے انسانوں کو راہِ مستقیم دکھاتی رہتی ہے۔
مولانا اپنی بات کہہ چکے۔ کچھ دیر خاموش رہے اور پھر انہوں نے اپنی کتابِ زندگی کا ایک اور ورق الٹا۔
قرآن سے لگاؤ کا ایک سبب تو یہ واقعہ ہے جو اوپر بیان ہوا، اور دوسرا سبب یہ ہے جو اس سے پہلے کے دور سے متعلق ہے۔ وہ یہ کہ میری والدہ مرحومہ کی تعلیم صرف قاعدہ بغدادی سے لے کر الم تر کیف تک تھی، جس کا انہیں ہمیشہ قلق رہا۔ البتہ وہ اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کو پڑھنے کی ہمیشہ تلقین کرتی رہتیں اور اپنی زندگی کو بطورِ عبرت پیش کرتیں۔
ان کا معمول تھا کہ صبح کو میرے پاس بیٹھ جاتیں اور تلاوت کرنے کے لیے کہتیں۔ میں تلاوت کرتا اور ان کی نظر قرآن پر ہوتی۔ وہ مجھ کو حکم دیتیں کہ انگلی رکھ کر پڑھو۔ ایک دن میں نے دیکھا کہ ان کی آنکھوں سے آنسو گر رہے ہیں۔ میرے بار بار کے پوچھنے پر انہوں نے بتایا کہ اپنی محرومی پر رو رہی ہوں۔
یہ سن کر میں بہت متاثر ہوا۔ سوچنے لگا، یہ کتاب کتنی عظیم ہے۔ یہ کتاب.......... اگر کوئی اس کو نہ پڑھ سکے تو اپنے آپ کو محروم سمجھتا ہے اور اپنی محرومی پر آنسو بہاتا ہے۔
قرآن سے لگاؤ کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ دارالعلوم دیوبند کے دورانِ قیام مدرسۃ الاصلاح سرائے میر سے ایک رسالہ الاصلاح نکلتا تھا، جس میں قرآن سے متعلق مضامین شائع ہوتے تھے۔ میں ان مضامین کو انتہائی دلچسپی اور پابندی سے پڑھتا اور اپنے ساتھیوں کو بھی اس کی تلقین کرتا۔ اس طرح قرآن سے میرا لگاؤ بڑھتا گیا۔
قرآن سے لگاؤ کی ایک خاص اور اہم وجہ یہ بھی ہے کہ مولانا اختر احسن اصلاحی مرحوم کی خواہش پر میں مدرسۃ الاصلاح میں مدرس ہو گیا۔ مولانا مرحوم علامہ فراہی رحمہ اللہ کے خاص شاگرد ہونے کے ناتے قرآن کے زبردست عالم تھے، ان کی تحقیق نہایت ہی اعلیٰ ہوتی تھی۔ ان کے سوچنے کا انداز نرالا تھا۔ وہ قرآن کو بہت سوچ سمجھ کر پڑھتے۔
مولانا مرحوم سے متاثر ہو کر میں نے بھی ان سے استفادہ شروع کر دیا۔ ان کی صبح و شام کی نشستوں اور مذاکرات سے معلوم ہوا کہ قرآن، قرآن دانی یہ ہوتی ہے۔ اس پوری مدت میں مجھے بہت زیادہ تو نہیں حاصل ہوا، البتہ پیاسی چڑیا کی چونچ تر ہو گئی۔
مولانا اپنا جواب مکمل کر چکے تھے۔ مولانا محترم نے انتہائی درد انگیز اور مؤثر انداز میں یہ باتیں بتلائی تھیں۔ یہ ایک اجلے ذہن کی اجلی اجلی باتیں تھیں۔ انہوں نے ہماری خواہش پر اپنی زندگی کے چند رخشاں پہلوؤں کو اجاگر کیا تھا۔ کاش کہ ہم سبق لیتے۔
مولانا خاموش ہوئے تو میں نے بادِ نسیم کی طرح شکستہ شکستہ پھر سازِ شستہ چھیڑ دیا۔
مولانا! آپ جماعتِ اسلامی سے کب اور کیوں وابستہ ہوئے؟ جبکہ اس وقت دیگر قومی و وطنی تحریکیں جنم لے چکی تھیں اور انہیں سوادِ اعظم کی حمایت حاصل تھی؟
مولانا نے جواب میں فرمایا:
میں بات واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ مجھے اپنے شیوخ سے ہمیشہ انتہائی عقیدت اور محبت رہی ہے۔ میں ان کی خدماتِ جلیلہ کا معترف ہوں اور ان کا حد درجہ احترام کرتا ہوں۔ لیکن چونکہ وہ کانگریس کی وطنی اور قومی تحریک سے وابستہ تھے، یہ بات میری عقل میں کسی طرح نہ آتی تھی۔ میں ان کی اس تحریک کا مخالف تھا۔ میں مدلل طریقے سے ہندوستان کی اس قومی و وطنی تحریک کو غلط ثابت نہیں کر سکتا تھا، لیکن اس کو قبول کرنے کے لیے کبھی آمادہ نہیں ہوا۔
اسی زمانے میں مودودی صاحب نے ہندوستان کی اس وطنی اور قومی تحریک پر محققانہ انداز میں تنقیدیں کیں:
دیکھنا تقریر کی لذت کہ جو اس نے کہا،
میں نے یہ جانا کہ گویا یہ بھی میرے دل میں ہے۔
جس زمانے میں دارالعلوم ندوۃ العلماء میں پڑھ رہا تھا، میں نے دیکھا کہ طلبہ کی ننانوے فیصد تعداد دو ہندوستانی نیشنلزم کی گرویدہ تھی۔ چنانچہ میں نے کام شروع کر دیا اور مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی کی بے باکانہ تنقیدوں کا سہارا لے کر ان کی تمام دلیلوں کو توڑتا رہا۔ زیادہ عرصہ نہ گزرنے پایا تھا کہ طلبہ میں دو چار کو چھوڑ کر تمام اس دو ہندوستانی نیشنلزم سے متنفر ہو گئے۔
اس کے بعد مولانا مودودی کے دوسرے مضامین پڑھے، جس سے معلوم ہوا کہ اسلام کی راہ پر چلنے کی صحیح شکل کیا ہے۔ اس کے بعد جماعت اسلامی قائم ہوئی۔ میں بریلی اشاعت العلوم میں مدرس تھا۔ مولانا حامد علی سیکرٹری جماعت اسلامی ہند وہاں بحیثیت طالب علم تھے۔ میں نے انہیں مولانا مودودی کے نظریات سے متعارف कराया۔ وہ کافی متاثر ہوئے۔ اس طرح ہم دونوں آگے پیچھے جماعت کے رکن بن گئے۔
مولانا حدیث کا گہرا علم رکھتے ہیں۔ مولانا مودودی کی کتابوں کے مترجم ہیں۔ مولانا نے حدیث کی دو کتابیں راہِ عمل اور زادِ راہ کے نام سے لکھیں۔ ان میں آپ نے احادیثِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا نہایت فصیح و بلیغ، شگفتہ اور رواں ترجمہ کیا ہے۔ دونوں کتابیں عوام و خواص میں کافی مقبول ہیں۔
میں نے مولانا کی اس حیثیت کو سامنے رکھا اور پوچھا:
مولانا! حدیث کے ترجمے و تشریح لکھنے کا خیال آپ کے ذہن میں کیوں کر آیا؟ مزید اس میدان میں کیا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں؟
مولانا کچھ دیر کے لیے رکے۔ بیڑی کا ایک زوردار کش لیا، جسم میں حرکت پیدا کی اور یوں گویا ہوئے:
ایک مرتبہ عبدالحئی صاحب مدیر الحسنات مجھ سے کہنے لگے کہ ہم لوگوں کے پاس حدیث کی کوئی ایسی کتاب نہیں جو دعوتی طرز پر لکھی گئی ہو، جس سے رفقاء اندازہ کر سکیں۔ چنانچہ انہی کی تحریک اور اصرار پر میں نے یہ کام شروع کر دیا اور درسی مشغولیات کے ساتھ ساتھ چار مہینے لگا لگا تار محنت سے پہلی کتاب راہِ عمل لکھی۔ اس کے بعد زادِ راہ لکھی۔
جہاں تک آئندہ کا سوال ہے، اس سلسلے میں چند کام میرے پیشِ نظر ہے۔ پہلا کام ان تقاریر کا مجموعہ تیار کرنا جو غیر مسلموں کے سامنے قرآن میں کی گئی ہیں۔ دوسری طرف میں ایک حدیث کا مجموعہ حدیثِ خواتین تیار کر رہا ہوں۔ اس کے علاوہ تربیتی انداز کا ایک مجموعہ قرآنی آیات پر مشتمل ہوگا، جس کا کچھ حصہ تیار ہو چکا ہے اور برابر کام جاری ہے۔ نیز اسوۂ صحابہ، اسوۂ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے تحت ایک مفصل مجموعہ بھی پیشِ نظر ہے۔
مولانا جواب دے کر خاموش ہو گئے۔
مولانا قرآن کے بلند پایہ عالم ہیں۔ قرآن مولانا کا خاص موضوع ہے۔ قرآن سمجھنے ہی کی خاطر مولانا نے عربی تعلیم شروع کی تھی۔ یہ حیثیت ہمارے ہر وقت سامنے رہتی ہے۔ چنانچہ میں نے ایک مفید سوال کیا۔
مولانا! قرآن کے طلبہ قرآن کا مطالعہ کس طرح کریں؟
مولانا نے اپنے مخصوص آواز میں جواب دیا:
اس سوال کا جواب وہ ہے جو مولانا اختر احسن صاحب مرحوم نے اسی طرح کے ایک سوال کے جواب میں دیا تھا۔ وہ یہ کہ سب سے پہلے سورہ کے مشکل الفاظ کی تشریحات لغت کی کتابوں سے اپنی کاپی پر درج کی جائیں۔ اس کے بعد نحوی ترکیب کا نمبر آتا ہے۔ جو مشکل ترکیبیں ہوں انہیں حل کیا جائے۔ اس کے بعد سورہ کا اپنے طور پر مطالعہ کیا جائے اور ہر آیت کا مفہوم بغور متعین کیا جائے۔ پھر تفاسیر دیکھی جائیں کہ متقدمین میں کسی نے آپ کا مفہوم لیا ہے یا نہیں۔ اگر کسی نے بھی نہیں لیا ہے تو پھر غور کرنا چاہیے کہ ہمارے متعین کردہ مفہوم میں کوئی غلطی تو نہیں ہو گئی ہے؟
یہ تو آیت کے مفہوم کی بات ہوئی۔ اس کے بعد یہ دیکھنا ہوگا کہ آیت کے باہمی جملے کس حد تک مربوط ہیں؟ پھر اوپر کی آیات سے ان کا کیا تعلق ہے؟ اس کے بعد سورہ بکثرت تلاوت کی جائے اور دیکھا جائے کہ سورہ میں کیا چیز سب سے زیادہ ابھار کر پیش کی گئی ہے۔ ایسا کرنا اس لیے ضروری ہے کہ اس کے بغیر عمود اور مرکزی مضمون کی تعیین مشکل ہے۔
اور سب سے آخر میں یہ بات پیشِ نظر رہے کہ بندے کو قرآن سے جتنا لگاؤ ہوگا اور جس حد تک اللہ تعالیٰ سے اس کا معاملہ درست ہوگا، اسی لحاظ سے اللہ تعالیٰ اسے صحیح فہم تک پہنچائے گا۔
میں مولانا کے جواب کو غور سے سن رہا تھا۔ میرے اندر خیالات کا سیلاب امڈ پڑا تھا۔ میں نے خیالات کے گرداب سے نکلنے کی کوشش کی اور مولانا کی داعیانہ زندگی کی طرف پلٹا۔ داعیِ تحریک کے سامنے میں نے اپنی یہ خلش رکھی۔
مولانا! عالمِ اسلام میں شکست خوردگی اور انتشار کی کیفیت چھائی ہوئی ہے۔ اس کے بڑے بڑے اسباب کیا ہیں؟ اور یہ کہ عالمِ اسلام کے اتحاد میں کیا چیز مانع ہے؟
مولانا نے ارشاد فرمایا:
عالمِ اسلام کے انتشار کا واحد سبب یہ ہے کہ اس قوم کے پاس خدا کی کتاب ہے، اور جس قوم کو اللہ تعالیٰ اپنی کتاب دیتا ہے، اس کی ترقی و تنزل، اس کا عروج و زوال، سب کچھ موقوف ہوتا ہے اس بات پر کہ خدا کی کتاب کے ساتھ اس قوم کا سلوک کیا ہے۔
ظاہر ہے یہ کتاب ایک عہد نامہ ہے جو طرفین میں طے پایا ہے۔ مومنین سمعنا و اطعنا کا عہد کرتے ہیں، اور خدا کی طرف سے إني معكم کا وعدہ ہوتا ہے، یعنی یہ کہ دنیا میں بھی تمہارے ساتھ رہوں گا اور آخرت میں بھی۔ دنیا میں دشمنوں کی دسیسہ کاریوں سے محفوظ رکھتے ہوئے تم کو سیاسی اقتدار سے نوازوں گا، اور آخرت میں دارالسلام میں بساؤں گا۔
اب دیکھ لیجیے کہ اس قوم کا خدا سے کیے گئے عہدِ بندگی کے ساتھ کیا معاملہ ہے؟ کیا یہ قوم نقضِ عہد، غداری اور عہد شکنی نہیں کر رہی ہے؟ وہ لوگ جو کسی ملک میں اکثریت میں ہیں اور وہ بھی جو کسی ملک میں اقلیت میں ہیں، دونوں غدار اور عہد شکن ہیں۔
مولانا کی آواز بھرّانے لگی تھی۔ مولانا جوشیلی آواز میں گویا تھے:
اب نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ قوم محتاج ہو گئی ہے کہ اس کو میثاقِ الٰہی یاد دلایا جائے۔ اور قابلِ ماتم یہ بات ہے کہ عہدِ بندگی کرنے والی قوم کی اکثریت میثاقِ الٰہی کی یاد دہانی کرانے والوں کے خلاف نبرد آزما ہے۔ میں تو حیران ہوں کہ یہ قوم کس طرح اب تک زندہ ہے۔ اگر یہ زندہ ہے تو محض خدا کی مہربانی ہے۔
مولانا کے اس جملے نے مجھے چونکا ہی ڈالا۔ کتابی میثاق یعنی قرآن نے کیا انہی لوگوں کے بارے میں نہیں کہا تھا:
وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللّٰهِ جَمِيعًا وَلَا تَفَرَّقُوا۔
یہ آیت بتاتی ہے کہ اگر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے نہ تھاما جائے تو لازماً تفرق و انتشار برپا ہوگا۔ کیا یہ قوم نہیں جانتی کہ ایمان و اطاعت کے بعد قرآن میں سورۂ مائدہ موجود ہے، جو میثاق کی سورہ ہے۔ اس میں قرآن ماننے والوں کو میثاق پر قائم رہنے اور اسے نہ توڑنے کی بار بار ہدایت کی گئی ہے۔ یہ ناقضینِ عہد، بالخصوص یہود کے نقضِ عہد کی تاریخ بیان کی گئی ہے، تاکہ یہ قوم جب کتاب اللہ پڑھے تو شروع ہی میں یہ پانچ مدنی سورتیں پڑھے اور قوم یہ بات یاد رکھے کہ اس کی زندگی اسی میثاق سے وابستہ ہے۔
اب مولانا خاموش ہو چکے تھے۔ مجھے احساس ہوا کہ مولانا کے جذبات میں توازن اور اعتدال اب بھی پوری طرح کارفرما ہے۔ تحریکِ اسلامی کا ایک قدیم کارکن میرے پاس بیٹھا تھا، کتنا حسین موقع مجھے حاصل ہو گیا تھا، ایسے مواقع بار بار کہاں میسر؟ میں نے موقع کو غنیمت جانا، پہلو کو بدلتے ہوئے یوں استفسار کیا:
مولانا! آپ جماعتِ اسلامی کے قدیم کارکن کی حیثیت سے اس کی رفتارِ ترقی پر روشنی ڈالیں گے؟
مولانا نے بہت محتاط انداز میں فرمایا کہ:
تحریکِ اسلامی کی رفتارِ ترقی اللہ تعالیٰ کے شکر سے بہت زیادہ اطمینان بخش ہے۔ آج جماعتِ اسلامی ایک عظیم طاقت بن کر ابھر رہی ہے، اس کی آواز دنیا کے کونے کونے تک پہنچ رہی ہے، اس میں اللہ کے بندے برابر شامل ہوتے جا رہے ہیں۔ آج سے تیس سال پہلے یہ آواز بہت نحیف و نزار تھی، یہ نتیجہ ہے اللہ کے فضل و کرم اور کارکنان کے خلوص اور لگاتار محنت کا۔
اس سلسلے میں یہ بات پیشِ نظر رہے کہ جماعت کی ترقی کا دارومدار امراء اور سربراہانِ جماعت پر ہے۔ امراء اقامتِ دین کے اس کام میں جس قدر دلچسپی کا مظاہرہ کریں گے، ارکان اسی قدر پیروی کریں گے۔ فرض کیجیے امراء کے اندر پچیس فیصد گرمی ہے تو ارکان کے اندر کم از کم بیس فیصد گرمی ہوگی۔ اگر امراء کے اندر پچاس فیصد گرمی ہے تو ارکان کے اندر چالیس فیصد گرمی ہوگی۔ امراء کی حیثیت صحیح معنوں میں پاور ہاؤس کی ہے۔
تحریک کو چلانا کوئی آسان کام نہیں، یہ تو بڑے جان جوکھوں کا کام ہے، خصوصاً ان حالات میں جبکہ ماحول اس طرح کی تحریک کے لیے بالکل مخالف اور ناسازگار ہو۔ یہاں تو قدم قدم پر مشقتوں، مخالفتوں، جھوٹے پروپیگنڈوں اور افترا پردازیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، فتوابازی کی مہموں، قید و بند کی سختیوں اور دار و رسن کی منزلوں سے دوچار ہونا پڑتا ہے، خاندان اور معاشرے سے جنگ، نفس سے محاربہ اور اسی قسم کی سینکڑوں آزمائشیں آن پڑتی ہیں۔
مولانا نے یہ جواب کتنے پراعتماد لہجے میں دیا تھا، تصور کیجیے۔
مولانا عربی مدارس کے ایک طالب علم رہ چکے ہیں، پھر اس سے بڑھ کر آپ کی حیثیت ایک مدرس کی ہے۔ میں نے اپنے الفاظ کو جامع پہنایا اور ایک دوسری نوعیت کا سوال کر ڈالا۔
آپ نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ عربی مدارس میں گزارا ہے، کیا عربی طلبہ کی خامیاں اور خوبیاں، عربی اساتذہ کی ذہنی کیفیات اور رجحانات اور خامیوں کے اسباب کی وضاحت کریں گے؟
مولانا نے جواب میں فرمایا:
عربی مدارس کے طلبہ قرآن و حدیث پڑھتے ہیں لیکن وہ لگن اور انہماک اور وہ تگ ودوجو ان کے لیے ضروری ہے، اس سے اکثر خالی نظر آتے ہیں۔ وہ ایک قسم کے احساسِ کمتری میں مبتلا رہتے ہیں اور ان کے اندر دین کے غالب کرنے کا نصب العین نہیں جاگتا۔ دوسری طرف اساتذہ میں جمود کی کیفیت ہے، وہ اپنے موجودہ حالات پر قانع ہیں۔ ان پر بھی نصب العین واضح نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ جزوی مقاصد کے لیے کام کر رہے ہیں۔
میں گھبرا اٹھا اور سراسیمگی کی حالت میں مولانا سے بے ساختہ پوچھا:
مولانا! اس صورتِ حال کو بدلنے کے لیے آپ کیا حل پیش کرتے ہیں؟
مولانا نے کھنکارتے ہوئے جواب دیا:
یہ تو بھائی ان مدارس کا کام ہے کہ وہ اپنی اصلاح کریں، ہم صرف حل پیش کرکے کیا کر سکتے ہیں۔
مولانا کچھ دیر رکے اور کہنا شروع کیا:
مدارس میں عربی اس طرح پڑھائی جائے جو قرآن کو سمجھنے میں مددگار بنے۔ قرآن کی طرف زیادہ سے زیادہ توجہ دی جائے۔ اس طرح طالب علم اللہ کی کتاب کو اچھی طرح سمجھے گا اور اپنی زندگی کا ایک مفید نصب العین متعین کر سکے گا۔
مدارس میں ایک ایسی تنظیم کی ضرورت ہے جو دعوت کی راہیں متعین کرے۔ اس کا سربراہ ایک ایسا شخص ہو جو عربی مدارس کے علماء اور طلبہ میں قابلِ اعتماد ہو۔ یہ کام پڑوسی ملک پاکستان میں بخیر و خوبی انجام پا رہا ہے اور اس کے بہترین نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ان کی سرگرمیوں سے تنظیم کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔
مولانا کا جواب مجھے معلوم ہو چکا تھا۔ جب کوئی چوٹ کرتا ہے تو انسان اپنا گریبان جھانکنے لگتا ہے۔ میں نے اپنے جامعہ پر نظر ڈالی اور الفاظ کو مرتب کرتے ہوئے دل میں یہ خلش لیے ہوئے سوال کیا:
مولانا! دیگر مدارسِ اسلامیہ کے مقابلے میں آپ جامعۃ الفلاح کو کس حیثیت سے ممتاز سمجھتے ہیں؟
مولانا نے انتہائی اطمینان اور کامل اعتماد سے اس کا جواب دیا:
جامعۃ الفلاح دیگر مدارس کے بالمقابل اپنا ایک امتیازی مقام رکھتا ہے۔ دیگر خصوصیات سے قطع نظر یہاں کے طلبہ و اساتذہ کی ایک بڑی خصوصیت یہ ہے کہ ان کے پاس ایک واضح اور متعین نصب العین ہے۔ صحیح راستہ ان کے سامنے روشن ہے، خواہ وہ جماعتِ اسلامی سے وابستگی کی صورت میں ہو یا طلبہ کی تحریکِ اسلامی، (اسلامک موومنٹ آف انڈیا) سے تعلق کے نتیجے میں ہو۔ یہ سب دین ہے یہاں کے اساتذہ کی، اس کے بالمقابل جیسا کہ میں واضح کر چکا ہوں کہ دیگر مدارس کے اساتذہ و طلبہ کسی مخصوص راہ کا تعین نہیں کر پاتے۔
اب یہ یہاں کے طلبہ کا کام ہے کہ فراغت کے بعد اس متعین نصب العین پر کہاں تک گامزن ہوتے ہیں، یا یہ کہ ہوتے بھی ہیں یا نہیں۔
میں بہت پرامید ہوں۔ میرے منہ سے بے ساختہ نکلا:
مولانا، خدا کرے آپ کی توقعات پوری ہوں۔
کیا واقعی مولانا سچ کہہ رہے ہیں؟ میں نے اپنے دل سے معلوم کیا، دل نے اس کی صداقت کی گواہی دی۔ وہ خلش جو کچھ دیر پہلے مولانا کی گفتگو سے پہلے پیدا ہوئی تھی، اب کافور ہو چکی تھی! میرا دل خوشی سے پھولا نہ سماتا تھا، میں اپنی خوش قسمتی پر نازاں تھا اور نہ جانے کیا سوچنے لگا تھا کہ مجھے یکدم احساس ہوا کہ عصر کی اذان ہو رہی ہے، میں اجازت لے کر کمرے سے باہر آگیا۔ اب مجھے کتنا اطمینان تھا، اس کا اندازہ ہر کوئی نہیں لگا سکتا!